اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی مسائل کے حل اور قوم سازی میں میڈیا کے کردار پر زور دیتے ہوئے پاکستانیوں کو عظیم قوم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کو آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے زیر اہتمام 24 ویں سالانہ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اے پی این ایس کے زیر اہتمام 24 ویں سالانہ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی مسائل کے حل اور قوم سازی میں میڈیا کے کردار پر زور دیتے ہوئے پاکستانیوں کو عظیم قوم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کو آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے زیر اہتمام 24 ویں سالانہ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے پی این ایس طویل عرصہ سے صحافیوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، اس وقت پرنٹ میڈیا انڈسٹری کو چیلنجز درپیش ہیں، حکومت ان مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے باوجود معاشرے میں پرنٹ میڈیا کو ایک مقام حاصل ہے تاہم نسل نو سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے ایڈورٹائزنگ پالیسی کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبریں معاشرے کے لئے تشویش کا باعث ہیں، جعلی خبروں میں حقیقت کم اور جھوٹ زیادہ ہوتا ہے، میڈیا کو تنقید کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ملک کو پولیو، آبادی میں اضافہ، خواتین کے وراثتی حقوق جیسے قومی مسائل کا سامنا ہے، وزیراعظم عمران خان نے صحت کے شعبے میں فلاحی کام کیا، ملک کے 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، ماں کے دودھ کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستانیوں کو عظیم قوم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم میزبانی کے جذبے سے سرشار ہے، انسانی حقوق کی بات کرنے والے ممالک مہاجرین کو پناہ دینے کے لئے تیار نہیں تاہم ہم نے 51 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا بہادری سے مقابلہ کیا، بھارت اپنے حالیہ اقدامات کے باعث اندھے گڑھے میں گر چکا ہے جس سے نکلنے میں اسے کئی سال لگیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میڈیا کو قوم سازی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اس سلسلے میں علمائے کرام اور مساجد کا کردار بھی اہم ہے، میڈیا کو غیر متعصبانہ انداز میں حکومت کا ساتھ دے کر عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور صدر اے پی این ایس حمید ہارون نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے اخبارات، ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں اور صحافیوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔








