اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خوش قسمت ہیں کہ کم آمدن کے حامل لوگوں کیلئے ذاتی گھروں کی تعمیر کا کام اﷲ نے ان سے لینا تھا، اگست 2020ئ کو 14 ہزار گھر تعمیر کرکے دیں گے، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ وہ مزید وسائل مہیا کریں تاکہ اس ہدف …
کابینہ کی منظوری کے بعد 2 ہزار گھرانوں کیلئے قرض حسنہ کی تقسیم کا کام مکمل ہو چکا ہے، طارق بشیر چیمہ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خوش قسمت ہیں کہ کم آمدن کے حامل لوگوں کیلئے ذاتی گھروں کی تعمیر کا کام اﷲ نے ان سے لینا تھا، اگست 2020ئ کو 14 ہزار گھر تعمیر کرکے دیں گے، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ وہ مزید وسائل مہیا کریں تاکہ اس ہدف کو بڑھایا جا سکے۔ منگل کو وزیراعظم کی کم آمدن ہاﺅسنگ سکیم کے تحت مستحق افراد میں چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد 2 ہزار گھرانوں کیلئے قرض حسنہ کی تقسیم کا کام مکمل ہو چکا ہے، ہم نے بہت سی حکومتیں بنتے ختم ہوتے دیکھیں، وزیراعظم عمران خان خوش قسمت ہیں جن سے اﷲ پاک یہ کام لے رہا ہے، یہ کام ان سے پہلے والے لوگوں سے بھی لیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسے لوگ ہیں جن کے پاس دو یا تین مرلہ کی اپنی زمین موجود تھی تاہم وہ رقم نہ ہونے کی وجہ سے یہاں گھر تعمیر نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اخوت مائیکرو فنانس کے حوالہ سے وہ اپنے طور پر معلومات لیتے رہے، اس کی شفافیت اور ساکھ کو دیکھ کر انہیں حکومت کی جانب سے یہ کام سونپا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم کی کم آمدن سکیم کے تحت تمام گھروں کی تعمیر ایک ہی نقشے پر ہو جس میں دو بیڈ روم، کچن، باتھ اور چھوٹا برآمدہ ہو۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ قرض حسنہ کا ایک ایک روپیہ قومی خزانہ میں واپس جمع ہو گا، اس کی واپسی کی قسطیں بھی شروع ہو چکی ہیں، اگست کے بعد وصول شدہ رقم کی دوبارہ تقسیم شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اخوت کے پاس 10 لاکھ رجسٹرڈ لوگوں کی فہرست موجود ہے، ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا ہدف بڑھایا جائے، ان گھروں سے دعا کے خزانے ملیں گے، ہم نے واضح ہدایت کر رکھی ہے کہ حکومت کا پیسہ ہے یہ ضائع نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ الاٹمنٹ کے قوانین میں رہ جانے والی کمی کوتاہی کا بھی جائزہ لیں۔ وفاقی سیکرٹری ہاﺅسنگ ڈاکٹر عمران زیب نے کہا کہ اخوت کے ذریعے پانچ ارب روپے قرض حسنہ کے طور پر مستحق لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے، ہر کسی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اس کا اپنا گھر ہو، اس خواب کی تکمیل کیلئے وسائل کی ضرورت ہے، ساری دنیا میں بینک قرض فراہم کرتے ہیں تاہم پاکستان کا بڑا المیہ ہے کہ یہاں صرف 0.5 فیصد ہاﺅسنگ کیلئے قرض دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ بعد 11 مارچ کو 100 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں کا سنگ بنیاد وزیراعظم رکھیں گے، 20 ہزار لوگوں کیلئے پلاٹ، گھر اور اپارٹمنٹ تیار کریں گے، کم آمدن والے افراد کیلئے قرض حسنہ کی سکیم وزیراعظم کا اصل وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال سے کھٹائی میں پڑے منصوبوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اخوت کے سربراہ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ آج وزیراعظم کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے، انہوں نے ایسے لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھا جن کے پاس اپنے گھروں کی تعمیر کیلئے پیسے نہیں تھے۔ اس موقع پر ایم ڈی پی ایچ اے فاﺅنڈیشن طارق رشید نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیاں برائے ہاﺅسنگ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔







