وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا ایوان بالا میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اصل حج فارم پر ختم نبوت کا حلف نامہ موجود ہے، ختم نبوت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو ناکام بنا دیں گے، پاکستان کا حج پیکج دیگر ممالک کے مقابلے میں سستا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان بالا …

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اصل حج فارم پر ختم نبوت کا حلف نامہ موجود ہے، ختم نبوت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو ناکام بنا دیں گے، پاکستان کا حج پیکج دیگر ممالک کے مقابلے میں سستا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ ختم نبو ہم سب کا عقیدہ ہے اور ہمارے ایمان کا جذبہ لاینفک ہے، حضرت محمد کو خاتم الانبیا مانے بغیر ہمارا عقیدہ اور ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے اصل حج فارم پر حلف نامہ موجود ہے، جب آن لائن درخواست گزار درخواست دیتا ہے تو اصل فارم کے ساتھ حلف نامہ موجود ہے، حج فارم کو دو حصوں میں ختم کیا گیا، ایک ڈیٹا فارم پر مشتمل ہے۔ جس میں درخواست گزار کی ذاتی معلومات درج ہوں گی۔ جب یہ فارم بینک میں جمع ہوتا ہے تو اس کے بعد اصل فارم پر قرعہ اندازی ہو گی۔ اصل فارم پر درخواست گزار کے ختم نبوتکے حلف نامے پر دستخط ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کو بتایا تھا کہ ڈیٹا فارم اور اصلی فارم دونوں کے ساتھ ختم نبوت کا حلف نامہ ہونا چاہیے تھا، وزارت کے افسران سے کہا تھا کہ ڈیٹا فارم الگ کرنے سے قبل ان سے مشورہ کر لینا، ختم نبوت کے خلاف کسی بھی سازش کو میں خود ناکام بنا دوں گا۔ اگر اس معاملے پر ایوان انکوائری کرانا چاہے تو کوئی اعتراض نہیں۔ نارتھ ریجن کے لئے حج پیکج قربانی کے ساتھ تقریباً چار لاکھ 85 ہزار اور ساﺅتھ ریجن کے لئے چار لاکھ 65 ہزار ہے،کرنسی کی قدر، ایئر لائنز کے کرایوں میں اضافے جیسی وجوہات حج پیکج میں اضافہ کی وجہ ہیں، ویزہ فیس میں 300 ریال کا اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب میں رہائشی اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حج پیکج میں پہلے ہی ساٹھ ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حج پیکج دیگر ممالک سے سستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے تمام اکاﺅنٹس بلا سود بینکاری کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ اس معاملے کو کمیٹی میں بھیجا جائے تاکہ اس میں ملوث افسران کو بے نقاب کیا جا سکے۔