وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک 7 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، ایک مریض صحت یاب ہو کر گھر چلا گیا ہے اور 20 سے 25 مشتبہ افراد کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 3007 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے …

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک 7 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، ایک مریض صحت یاب ہو کر گھر چلا گیا ہے اور 20 سے 25 مشتبہ افراد کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 3007 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ اور مشتبہ تمام افراد حالیہ دنوں میں ایران، عراق اور شام کی ٹریول ہسٹری رکھتے ہیں لیکن ابھی تک چین سے آنے والے مسافروں میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت نے وائرس کی روک تھام کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھا رکھے ہیں، ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں وائرس کے بڑھتے ہوئے رحجان کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئر ٹریفک معطل کی، ایران سے آنے والے زائرین کو 14 دن تک قرنطینہ سینٹر میں رہے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی، قرنطینہ کے بعد صوبائی حکومتیں ان لوگوں سے مسلسل رابطے میں رہتی ہیں تاکہ اگر بعدازاں کسی فرد میں علامات ظاہر ہوں تو اسے طبی امداد دی جا سکے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ چمن کا بارڈر مزید ایک ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایک ہفتے بعد صورتحال دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ طورخم بارڈر میں بھی سکریننگ کا سخت سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین میں 7 پاکستانی طلبہ وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور خوش قسمتی سے تمام مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووہان میں 739 پاکستانی طلبہ ہیں، چین کی حکومت نے خصوصی طور پر ہمارے دو سفارتکاروں کو ووہان جانے کی اجازت دی تھی جو 600 سے زائد پاکستانی طلبہ سے مل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ صورتحال میں ہر شخص کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں، مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو ماسک پہننا چاہیے، اس کے علاوہ عام نزلہ یا زکام کے مریض سرجیکل ماسک پہن سکتے ہیں تاکہ دوسرے لوگ متاثر نہ ہوں۔