اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ مشکل وقت گزر گیا، اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت آ پہنچا ہے، صحافیوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، چھت، صحت و روزگار ترجیحات میں شامل ہے، پارٹی کو گراس روٹ لیول تک منظم کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پاکستان …
مشکل وقت گزر گیا، اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت آ پہنچا ہے، احمد جواد
اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ مشکل وقت گزر گیا، اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت آ پہنچا ہے، صحافیوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، چھت، صحت و روزگار ترجیحات میں شامل ہے، پارٹی کو گراس روٹ لیول تک منظم کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کو جدید سیاسی ادارہ بنانے کی راہ پر گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی ٹی آئی بیٹ رپورٹرز کے ساتھ غیر رسمی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ احمد جواد نے کہا کہ پارٹی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان کا وژن واضح ہے کہ عوام کے حقوق انہیں دہلیز پر میسر ہونے چاہئے، ماضی کی لوٹ کھسوٹ کے باعث تباہ حال معیشت ہمیں ورثے میں ملی تھی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم 2020ءعوام کےلئے خوشیوں کا سال ثابت ہو گا، مہنگائی پر قابو پانا اور غریب طبقے سے بوجھ کم کرنا اولین ترجیح ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ روزمرہ کی اشیاءکی قیمتوں کو شہریوں کی قوت خرید سے ہم آہنگ کرنے کےلئے حکومت کوشاں ہے، یہی وجہ ہے کہ آج آٹا سمیت ٹماٹر اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں، گراس روٹ لیول تک تنظیم کو منظم کرنے کے ہدف کے حصول کے قریب تر ہیں جس کے بعد بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارٹی کے مابین کسی کی خلیج نہیں اور پوری یکسوئی سے پاکستان میں اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہے میڈیا نے مشکل وقت میں پی ٹی آئی کے موقف کو عوام تک پہنچایا ہے، انہیں روزگار، صحت اور چھت فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہیں، اہل قلم کی بہبود کیلئے جو کچھ بھی بن پڑا کریں گے اور حکومت کی جانب سے متعارف کردہ فلاحی منصوبوں کے ثمرات میں اہل صحافت کو شریک کرنے کی حکمت عملی وضع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آزادی اظہار پر غیرمتزلزل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ملک بھر میں تنظیم نو حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ جلد ملک بھر میں نچلی ترین سطح تک تحریک انصاف کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کریں گے اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ اپنی گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے بیٹ رپورٹرز کو معیاری رپورٹنگ پر خراج تحسین پیش کیا اور معروضی انداز میں تحریک انصاف کا مو¿قف پیش کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔









