حکومت احساس اور کامیاب جوان پروگرام سمیت کئی دیگر منصوبوں میں نوجوانوں کو بغیر سود کے قرضے دے رہی ہے،وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت احساس اور کامیاب جوان پروگرام سمیت کئی دیگر منصوبوں میں نوجوانوں کو بغیر سود کے قرضے دے رہی ہے، آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے علی محمد …

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت احساس اور کامیاب جوان پروگرام سمیت کئی دیگر منصوبوں میں نوجوانوں کو بغیر سود کے قرضے دے رہی ہے، آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، پی ٹی آئی حکومت عوام کو مشکل وقت میں ساتھ لیکر چلی ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے تاہم حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ضرور عوام کو دے گی۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی تھا، ن لیگ نے مصنوعی طور پر روپے کو مستحکم رکھا، اگر اسحاق ڈار کی پالیسیاں ٹھیک تھیں تو شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے انہیں ریورس کیوں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے بجلی اور گیس کے مہنگے معاہدے کر کے قوم پر ظلم کیا، اپوزیشن اس کا دفاع نہ کرے۔ علی محمد خان نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے اچھے مشوروں پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے منصوبوں کو اسلامی بنکاری کی طرف لیکر جا رہی ہے، سودی نظام سے نکلنے کیلئے وقت لگے گا۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہی ہے ، عوام پریشان ہونے کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔