صدر آزادکشمیر مسعود خان کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا کی وبا کی تیزی سے پھیلنے پر گہری تشویش کا اظہار

مظفر آباد 28 مارچ (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا کی وبا کی تیزی سے پھیلنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مختلف جیلوں میں بند ہزاروں کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں صدر نے کہا کہ کورونا وائرس سے دنیا کے …

مظفر آباد 28 مارچ (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا کی وبا کی تیزی سے پھیلنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مختلف جیلوں میں بند ہزاروں کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں صدر نے کہا کہ کورونا وائرس سے دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں لوگ جان کی بازی ہار رہے ہیں اور خود بھارت کے اندر اس وبا نے ایک خوفناک صورت اختیار کرلی ہے ،ایسے میں ہزاروں کشمیری اپنے خاندانوں سے دور بھارت کی جیلوں میں قید ہیں اور وہ کشمیر میں اپنے خاندانوں کے بارے میں سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے شہریوں کی نقل و حمل پر نئی پابندیوں اور انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کا نوٹس لیں کیونکہ نئی بھارتی پابندیوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو ہسپتالوں اور شفا خانوں تک پہنچنے اور انٹرنیٹ پر پابندی کی وجہ سے کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے میں سخت دشواری کا سامنا ہے جس سے خدشہ ہے کہ کورونا کی وبا مقبوضہ علاقے میں مذید تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات ہیں کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں لہٰذا کورونا وبا پھیلنے کے بعد یہ نہایت ضروری ہے کہ تمام قیدیوں خاص طور پر پیچیدہ امراض میں مبتلا قیدیوں کو فی الفور رہا کیاجائے۔ صدر آزاد کشمیر نے عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فراخدلانہ مدد اور وبا پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے ساتھ ساتھ طبی ساز و سامان کی ایک کھیپ بھیجنے پر بھی چین کی حکومت شکریہ ادا کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی مدد کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ہمدرد اور قابل اعتماد دوست ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ چین ایک ایسے وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے پہنچا جب وہ خودکورونا وبا سے پوری طرح باہر نہیں نکلا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ عوامی جموریہ چین نے کورونا کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی مدد کر کے 2005 کے زلزلہ اور 2010 کے سیلاب کی یاد تازہ کر دی جب وہ سب سے پہلے پاکستان کی مدد کے لیے آیا تھا۔ صدر آزاد کشمیر نے اپنے ایک علیحدہ ویڈیو پیغام میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو کورونا کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اْن کی قربانی اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ڈاکٹر کمیونٹی کی لگن، بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیت کی وجہ سے قوم محفوظ ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ناکافی سہولتوں اور حفاظتی ساز و سامان نہ ہونے کے باوجود ہمارے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف جس بہادری اور جرات کے ساتھ اپنے فرائض سر انجا م دے رہے ہیں اْس نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔صدر آزاد کشمیر نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ایسے ہسپتال اور ادارے قائم کئے جائیں گے جو کورونا جیسی وباؤں سے نمٹنے کی پوری استعداد رکھتے ہوں۔ صدر سردار مسعود خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھیں اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کرونا جیسی متعدی بیماری سے خود بھی محفوظ رہیں اور خاندانوں کو بھی محفوظ رکھ سکیں۔