ہم سب نے قومی جذبے سے سرشار ہوکر عوام کی زندگیوں میں سہولت پیدا کرنے کا مثبت اور روشن کردار ادا کرنا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم سب نے قومی جذبے سے سرشار ہوکر عوام کی زندگیوں میں سہولت پیدا کرنے کا مثبت اور روشن کردار ادا کرنا ہے، یہ قوم کی خدمت کا موقع ہے، ذخیراندوزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، آج تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس …

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم سب نے قومی جذبے سے سرشار ہوکر عوام کی زندگیوں میں سہولت پیدا کرنے کا مثبت اور روشن کردار ادا کرنا ہے، یہ قوم کی خدمت کا موقع ہے، ذخیراندوزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، آج تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس میں پاکستان بھر خصوصاً پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اشیائے ضروریہ اور خوراک کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ کرونا سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور اور آگاہی کی بیداری میں پارٹی کے متحرک کردار کی اہمیت پر زور دیا جائے گا تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے خود کو بھی محفوظ رکھیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔ کرونا وبائی پر قابو پانے کی قومی حکمت عملی اور موثر انداز سے اسے آگے بڑھانے پر مشاورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کیلئے ریلیف،عوام کی مشکلات کے ازالے اور ملکی معیشت کو منفی اثرات سے بچانے کی حوالے سے لائحہ عمل پر غور ہوگا، حکومتی ریلیف پیکج کو کم آمدن والے افراد کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے رضاکار فورس کی تشکیل کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائیگی۔