وزیراعظم عمران خان نے موجودہ بحران کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے موجودہ بحران کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے رضاکار کورونا یوتھ ٹائیگر فورس اور صحافیوں کے تحفظ کے لئے موبائل ایپلی کیشن کا پیر …

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے موجودہ بحران کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے، عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے رضاکار کورونا یوتھ ٹائیگر فورس اور صحافیوں کے تحفظ کے لئے موبائل ایپلی کیشن کا پیر کو اجراء کریں گے ،کورونا وائرس کا واحد علاج احتیاط ہے،کورونا وائرس معیشت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کو باور کرایا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا اس بحران کا شکار ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی قیادت کو کشمیر اورگلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی جانب سے اس حوالے سے ڈیٹا کولیکشن اقدامات، جائزہ اور عملدرآمد کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے، مشکل گھڑی میں قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہو، کوئی حکومت اکیلے اس وباء کا مقابلہ نہیں کر سکتی، عوام کی یکجہتی، یکسوئی، ہم آہنگی اور تمام اداروں کے جرات مندانہ اقدامات سے اس وباء پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر مزید عمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ عوام میں شعور، آگاہی اور احساس ذمہ داری پیدا کریں کہ خود بھی اس وباء سے بچیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں، سماجی فاصلے اختیار کریں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ لاک ڈائون کی صورتحال سے گڈز ٹرانسپورٹ متاثر ہوئی ہے، پسا ہوا طبقہ، دیہاڑی دار مزدور بے روزگار ہوئے ہیں، ان کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی بڑا چیلنج ہے اس ذمہ داری کو پورا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے بے روزگار اور پسے ہوئے خاندانوں کو ان کے گھر پر راشن اور کھانے پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور شفاف روڈ میپ اور نظام کے ذریعے اشیائے خوردونوش کی تقسیم کو یقینی بنانے کے بارے میں تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قومی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے نوجوانوں کا انتخاب کیا ہے، یہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے اپنا دست بازو بنانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نوجوان بے لوث ہو کر انسانیت کی خدمت سے سرشار ہیں، کم آمدن اور نادار افراد کو راشن پہنچانے کی ذمہ داری ان نوجوانوں کو سونپی جائے گی۔ عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے سے متعلق روڈ میپ کا اعلان وزیراعظم عمران خان پیر کو کریں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جن خاندانوں کو بی آئی پی کے ذریعے امداد مل رہی ہے انہیں اس پروگرام میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں کسی چیز کی کوئی قلت نہیں، اشیائے خوردونوش وافر مقدار میں موجود ہیں جو افراد اور مافیا مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کو تکلیف پہنچا رہے ہیں ان سے قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 300صوبائی حلقوں میں ہر حلقہ سے 8 ہزار خاندانوں کو امداد فراہم کی جائے گی، راشن کیلئے 10 ارب کا فنڈ مختص کیا جا چکا ہے، 25لاکھ افراد کو راشن کیلئے امدادی رقم دی جائے گی، پنجاب میں 8 لیبارٹریز روزانہ 3200 ٹیسٹ کریں گی۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے متعلق علاج معالجہ کے دوران فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی، فرائض کی انجام دہی کے دوران اگر کوئی ڈاکٹر شہید ہوتا ہے تواس کو شہید کے برابرپیکج دیا جائیگا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے گیارہ ارب 40کروڑ روپے پیکج کا اعلان کیا ہے، 5ارب روپے ٹیکس اور ڈیوٹی کی مد میں کاروباری اداروں کو چھوٹ دی گئی ہے۔ بینک آف خیبر نے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 10لاکھ خاندانوں کو 2ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا جبکہ مزید 5لاکھ خاندانوں کو 2ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔ صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ کے ذریعے 4لاکھ خاندانوں کو 2ہزار روپے ماہانہ فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں باور کرایا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، وفاقی حکومت کا پیکج بلاامتیاز تمام صوبوں کے لئے ہے، قومی سوچ اور یکجہتی سے اس بحران سے نمٹ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آٹے کی عدم دستیابی کی شکایات مسلسل آ رہی ہیں جس پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک و تحقیق کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ اشیائے خوردونوش میں کمی نہیں ہونی چاہیے، تعمیرات اور اشیائے ضروریہ کی صنعتوں کو رواں رکھنے کے لئے اقدامات کرنے کے لئے صوبائی حکومتوں کو لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا موقف ہے کہ اتنے لوگ کورونا سے متاثر نہیں ہوں گے جتنے لوگ بھوک اور افلاس سے متاثر ہو جائیں گے۔ لوگوں کو بھوک، افلاس اور بے روزگاری سے بچانے کے لئے پالیسی سازی کی جائے گی۔ پارٹی قیادت کو اس وباء سے نمٹنے کے لئے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ وفاقی حکومت این ڈی ایم اے کے ذریعے تمام صوبوں کی ضروریات پوری کرے گی۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو ان کے تحفظ کے لئے حفاظتی سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیا کے افراد کو بھی یہ سامان جلد فراہم کیا جائے گا۔ ان کی حفاظت یقینی بنائیں گے، ان کی مشکلات کے ازالہ کے لئے ایپ کا آغاز پیر کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے بھی 5نئی ٹیسٹ لیبارٹریاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ان میں سے 2کراچی میں بنائی جائیں گی، اس سے سکریننگ کی صلاحیت دوگنا ہو جائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ بعض سیاستدان اس معاملے پر سیاست چمکا رہے ہیں وہ اپنی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے لئے تنقید کر رہے ہیں، عوام عمران خان کی قیادت میں صوبائی حکومتوں کے اقدامات سے مطمئن ہیں، قرنطینہ میں بیٹھا خاندان پاکستان آنے کے لئے تیار نہیں وہ برطانیہ میں علاج معالجہ کرا رہے ہیں، پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اگر 10سال صحت کے شعبے پر توجہ دیتے تو یہ حالت نہ ہوتی اور نہ ہی ان کے خاندان کو بیرون ملک جانا پڑتا۔ ان کے بیانات سے مشکل صورتحال میں فرائض سرانجام دینے والے طبی عملہ کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے، انہیں ان افراد کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔ ابھی وہ اپنی سیاست کو قرنطینہ میں رکھیں، عوام کسی سیاسی ایڈونچر کے متحمل نہیں ہو سکتے، عوام کی منتخب قیادت کو کام کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچانے کے لئے وزیراعظم عمران خان پیر کو رضاکار کورونا یوتھ ٹائیگر فورس کا اجراء کریں گے، یہ رضا کار نہ صرف مستحق افراد میں کھانا تقسیم کریں گے بلکہ ہسپتالوں میں مشکلات کے ازالے اور مریضوں کی منتقلی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی سے ملک کے دیگر شہروں میں جانے والی گڈ ز ٹرانسپورٹ کو سہولت فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔