اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر توانائی اور چیئرمین واپڈا کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ محکمہ بجلی اور واپڈا کے ایک لاکھ چالیس ہزار کارکن اپنی ایک دن کی تنخواہ وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کیلئے تیار ہیں۔ واپڈا سی بی اے کے مرکزی جنرل …
محکمہ بجلی اور واپڈا کے ایک لاکھ 40 ہزار کارکن اپنی ایک دن کی تنخواہ وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کیلئے تیار ہیں
اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر توانائی اور چیئرمین واپڈا کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ محکمہ بجلی اور واپڈا کے ایک لاکھ چالیس ہزار کارکن اپنی ایک دن کی تنخواہ وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کیلئے تیار ہیں۔ واپڈا سی بی اے کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے اپنے خط میںکورونا کی خطرناک عالمی وبا کو پاکستان میں پھیلنے سے ہر ممکن حد تک روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کے نتیجے میں غریب عوام، محنت کش طبقے اور دیہاڑی دار ملازمین کو ممکنہ معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج کو سراہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ واپڈا ملازمین کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ شریک ہیں اور اس جدوجہد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر خورشید احمد نے یونین کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ میں دو لاکھ روپے جمع کرانے کا اعلان کیا۔آئیسکو اسلام آباد ریجن کے چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ملک بھر میں بجلی کے اڑھائی کروڑ سے زائد صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے جانفشانی سے کام کرتے رہیں اورساتھ ہی اپنے ساتھیوں اور خاندان کے اراکین کو کورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی تدابیر پر مکمل طور پر عمل پیرا رہیں۔









