اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اے پی پی) عالمی بینک نے ملک میں سستی بجلی کی فراہمی کے لئے داسو پن بجلی منصوبے کے پہلے مرحلے کے لئے 70 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی معاونت کی منظوری دیدی ہے۔ بینک کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اس منصوبے سے مجموعی طور پر 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جبکہ پہلے مرحلے میں 2160 میگاواٹ بجلی کی پیداوار …
عالمی بینک نے داسو پن بجلی منصوبے کے پہلے مرحلے کے لئے 70 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی معاونت کی منظوری دیدی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اے پی پی) عالمی بینک نے ملک میں سستی بجلی کی فراہمی کے لئے داسو پن بجلی منصوبے کے پہلے مرحلے کے لئے 70 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی معاونت کی منظوری دیدی ہے۔ بینک کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اس منصوبے سے مجموعی طور پر 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جبکہ پہلے مرحلے میں 2160 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے لئے اس مالی معاونت کی منظوری دی گئی ہے۔ ورلڈ بینک کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر بھی کام کر رہا ہے۔ داسو پن بجلی منصوبے سے سستی بجلی حاصل ہو گی اور 2047ءتک پاکستان متوسط آمدنی والے ملک کے بالائی درجے پر پہنچ جائے گا، اس منصوبے کے لئے بین الاقوامی بینک برائے تعمیر نو و ترقی کے ذریعے فنڈز فراہم کئے جائیں گے جس کا عرصہ 25 سال پر محیط ہو گا اور اس میں پانچ سالہ رعایتی مدت بھی شامل ہو گی۔ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں مہنگی بجلی کی بجائے سستی بجلی کی پیداوار اور قابل تجدید توانائی سے حاصل ہونے والی بجلی قومی گرڈ میں شامل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلنگو پیسی موتو نے کہا ہے کہ ٹیرف کے ڈھانچے میں اصلاحات کے نتیجے میں داسو پن بجلی منصوبہ ملک کے کرنٹ اکاﺅنٹ بیلنس کو متوازن رکھنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ اس منصوبے سے پاکستان کے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ داسو منصوبہ ماحولیاتی لحاظ سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، منصوبے کے ٹاسک ٹیم لیڈر ریکارڈ لیڈن نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان میں صاف قابل تجدید توانائی کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عالمی بینک 2015ءسے 2020ءکے لئے ملک کی شراکتی حکمت عملی کے تحت پاکستان میں کام کر رہا ہے اور توانائی نجی شعبے کی ترقی اور خدمات کی فراہمی کے لئے بینک مختلف منصوبوں میں مالی معاونت کر رہا ہے اور اس وقت بینک 46 منصوبوں میں 9 ارب 10 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ عالمی بینک کی طرف سے داسو پن بجلی منصوبے کے پہلے مرحلے کے لئے اضافی مالی معاونت منصوبے سے بجلی کی پیداوار کے حصول کے لئے ٹرانسمیشن لائن بچھانے پر خرچ کی جائے گی۔








