اقوام متحدہ۔ 7 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر اور ہیومینیٹیرین کوارڈینیٹر یعقوب الہیلو نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ طرابلس کے الخضرہ جنرل ہسپتال میں ہونے والی بھاری …
لیبیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال پر حملہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔ 7 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر اور ہیومینیٹیرین کوارڈینیٹر یعقوب الہیلو نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ طرابلس کے الخضرہ جنرل ہسپتال میں ہونے والی بھاری شیلنگ کی خبریں ان کے لیے حیرانگی کا باعث ہیں جس سے ایک ہیلتھ ورکر جاں بحق اور ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی بردای کی جانب سے تنازعات کے خاتمے کی بار بار اپیل کی گئی جو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں رکاوٹ ہے جسے ختم کر کے ہی اس وباء پر قابو پایا جا سکتا ہے لہذا یہ اس وقت ناقابل قبول ہے جب اس وباء کے خلاف ہیلتھ ورکرز اور علاج کی سہولیات بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ تک علاج معالجے کے 27 اداروں کو مسلح تنازعات کے باعث نقصان پہنچا جس میں 14 ادارے بند ہیں جبکہ تنازعات کی منتقلی سے 23 ادارے بند ہونے کے قریب ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی فوری انسانی امداد اور علاج کے لیے کشیدگی اور جھڑپوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صحت کے ادارے اور حکام اس وباء میں لوگوں کی مدد کر سکیں جبکہ لیبیا کے صحت کے حکام اقوام متحدہ کے انسانی امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں اور اگر لیبیا کے پاس اس وباء کا مقابلہ کرنے کے لیے کوئی موقع ہے تو اسے ملک میں جاری مسلح تنازعات کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔








