ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیر اہتمام تین روزہ انٹر تحصیل گرلز و بوائز ہاکی چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیر اہتمام تین روزہ انٹر تحصیل گرلز و بوائز ہاکی چیمپئن شپ اختتام پذیر

مزید خبریں
سرگودھا۔ 31 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیر اہتمام تین روزہ انٹر تحصیل گرلز و بوائز ہاکی چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔
چیمپئن شپ میں ضلع سرگودھا کی تمام تحصیلوں سے مختلف ہاکی کلبوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ گرلز کا فائنل میچ فاطمہ ویمن ہاکی کلب اور علی عامر ویمن ہاکی کلب کے درمیان کھیلا گیا، جس میں فاطمہ ویمن ہاکی کلب نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ بوائز کے فائنل میں علی عامر ہاکی کلب اور ینگ کریسنٹ ہاکی کلب کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، جس میں علی عامر ہاکی کلب کی ٹیم فاتح قرار پائی۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے حامد حمید تھے، جن کی نمائندگی میاں عبدالرشید اور رانا پھول نے کی۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور نے مہمانوں کا پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن سرگودھا کے صدر ملک عامر عبداللہ، جنرل سیکرٹری فیاض ہنجرا، تحصیل سپورٹس آفیسر عظمت اقبال، تحصیل سپورٹس آفیسر شہریار سیال، طیب بشیر، اولمپئن محمد شبیر، ہاکی کوچ حسن شاہ، ہاکی کوچ ملک شکیل اور محمد عدنان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور نے مہمانوں کے ہمراہ کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر پورٹ قاسم ہاکی ٹیم کے کوچ ملک شکیل نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور کو خصوصی تحفہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحفے کا مقصد کھیلوں کے فروغ کے لیے میڈم صائمہ منظور کی خدمات کو سراہنا ہے۔ جب سے انہوں نے سرگودھا کا چارج سنبھالا ہے، ضلع بھر میں کھیلوں کے فروغ کو نئی جہت ملی ہے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم نے بہترین ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کھیلوں کو آباد کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل غیر ضروری سرگرمیوں سے دور رہ کر مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہو۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور نے ہاکی چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے فروغ کے لیے ہم سب کو مل کر بھرپور محنت کرنی چاہیے۔چیمپئن شپ کے فائنل میچز میں امپائر کے فرائض ساجد عباس اور محمد ارشاد نے انجام دیے جبکہ فیلڈ جیوری کے فرائض ندیم اختر اور رانا مجیب نے سرانجام دیے۔







