کوئٹہ ۔ 9 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے صوبہ بلوچستان میں اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کی روانی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور غربت میں کمی کے حوالہ سے ایک مؤثر اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین پر مشتمل ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے۔ …
بلوچستان میں اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی، معاشی سرگرمیوں کی روانی کی مؤثر اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے ماہرین پر مشتمل تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے، وزیراعظم عمران خان کا کوئٹہ میں اہم اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
کوئٹہ ۔ 9 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے صوبہ بلوچستان میں اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کی روانی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور غربت میں کمی کے حوالہ سے ایک مؤثر اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین پر مشتمل ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، زبیدہ جلال، گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند، کمانڈر سدرن کمانڈ اور سینئر افسران شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی نگہداشت، زائرین کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات، اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی، ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے حفاظتی کٹس کی فراہمی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے موجودہ اور مستقبل کے ریلیف پیکیج، راشن کی صوبے کی مستحق عوام میں تقسیم، پارلیمنٹیرینز کی جانب سے کورونا فنڈ کا قیام، صحت کے عملہ کیلئے مختلف نوعیت کے استثنیٰ اور مختلف مقامات پر جاری ڈس انفیکشن (جراثیم کش) مہم کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبے میں اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کی روانی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور غربت میں کمی کے حوالہ سے ایک مؤثر اور مربوط حکمت عملی مرتب دینے اور اس حکمت عملی کا مسلسل جائزہ لینے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس ضمن میں مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین پر مشتمل ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے، اس تھنک ٹینک کی ترجیح ان افراد کی کفالت اور فلاح و بہبود کے حوالہ سے اقدامات کی سفارش ہو جو لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیراعظم نے زراعت کے فروغ اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کے حوالہ سے رعایات دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔








