وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ الگ الگ معاملہ ہے، صوبوں کو اختیارات دینے میں کسی کا جھگڑا نہیں ہے، این ایف سی ایوارڈ کی ایڈجسمنٹ پر بات ہونی چاہیے، وفاق پر قرضوں کا زیادہ بوجھ ہے اسلئے صوبوں کو قرض اتارنے، دفاع اور بڑے منصوبوں میں …

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ الگ الگ معاملہ ہے، صوبوں کو اختیارات دینے میں کسی کا جھگڑا نہیں ہے، این ایف سی ایوارڈ کی ایڈجسمنٹ پر بات ہونی چاہیے، وفاق پر قرضوں کا زیادہ بوجھ ہے اسلئے صوبوں کو قرض اتارنے، دفاع اور بڑے منصوبوں میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، ویکسین کی دریافت میں ابھی کافی وقت لگے گا اسلئے ہمیں کورونا کو شکست دینے کیلئے کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کرنا ہو گا، ن لیگ اپنی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا کہہ رہی ہے، اس وقت اجلاس بلانا درست نہیں ہے، میں ذاتی طور پر سیشن میں شرکت نہیں کروں گا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں، این ڈی ایم اے، محکمہ صحت اور ماہرین کی نمائندگی ہے، صورتحال کے مطابق مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلے کئے جاتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے دور حکومت کے دوران قرض لیکر لاہور میں اورنج لائن منصوبہ شروع کیا جس کی وجہ سے ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھا ہے، موجودہ حکومت کو سابقہ حکومتوں کے لئے ہوئے قرض پر سود ادا کرنے کیلئے مزید قرضے لینا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہوئے یہ الگ بحث ہے، ہماری حکومت چاہتی ہے کہ اختیارات اضلاع اور تحصیل سطح تک منتقل ہوں، این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر کونسل آف کامن انٹریسٹ میں بات ہو گی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بعض رہنما بھی اس کی حمایت کر رہے ہیں اسلئے اس میں ایڈجسمنٹ ہونی چاہیے، وفاق کی آمدنی کا زیادہ حصہ صوبوں کو چلا جاتا ہے اسلئے اس پر قرضوں کا زیادہ بوجھ ہے، صوبوں کو چاہیے کہ وہ قرض اتارنے، دفاع اور بڑے منصوبوں میں حصہ ڈالیں۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ دنیا کی بڑی فارما کمپنیاں ویکسین کی تیاری پر کام کر رہی ہیں تاہم اس میں ایک سے ڈیڑھ سال کا وقت لگے گا اسلئے کورونا کو شکست دینے کیلئے ہمیں خود کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کرنا ہو گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ کا اس وقت قومی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے، وہ اپنی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے اجلاس بلانے کا کہہ رہی ہے، اپوزیشن کے اصرار پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا گیا ہے، اجلاس بلانا درست نہیں ہے، میں ذاتی طور پر سیشن میں شرکت نہیں کروں گا۔

مزید خبریں