فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ اہم ترجیح ہے، ان کیلئے خصوصی پیکج پر کام کر رہے ہیں،وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی بریفنگ

اسلام آباد ۔ 12جون (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ اور ان کی معاونت اہم ترجیح ہے، کورونا کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے خصوصی پیکج ہو گا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں خصوصی پیکج پر اطلاق کی ذمہ دار ہوںگی، مشکل حالات میں ذمہ داری ادا کرنے والے ہیلتھ ورکرز ہمارے ہیرو ہیں۔ …

اسلام آباد ۔ 12جون (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ اور ان کی معاونت اہم ترجیح ہے، کورونا کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے خصوصی پیکج ہو گا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں خصوصی پیکج پر اطلاق کی ذمہ دار ہوںگی، مشکل حالات میں ذمہ داری ادا کرنے والے ہیلتھ ورکرز ہمارے ہیرو ہیں۔ جمعہ کو نیوز بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہو۔ فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ اور ان کی معاونت اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کیلئے خصوصی پیکج پر کام کر رہے ہیں۔ خصوصی پیکج کورونا کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے ہو گا۔ صوبائی وزراء صحت اور ماہرین سے بھی اس پیکج پر مشاورت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خصوصی پیکج پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوں گی۔ خصوصی پیکج کے 7 اہم نکات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی پیکج میں مالی معاونت، تحفظ اور تربیت بھی شامل ہو گی۔ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کو شہداء پیکج ملے گا۔ چین کے تعاون سے5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ کا انتظام کیا گیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حفاظتی سامان کے درست استعمال کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت ایک لاکھ ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی سامان سے متعلق تربیت دی جا رہی ہے۔ ہیلتھ ورکرز ہیلپ لائن 1166 پر اپنے مسائل بھی درج کرا سکیں گے۔ پاکستان میں 3 فیصد ڈاکٹر اور طبی عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بیماری کی صورت میں ہیلتھ ورکرز کے اہلخانہ کا بھی ترجیحی بنیادوں پر علاج کرایا جائے گا۔ نجی ہسپتالوں کی معاونت کیلئے رعایتی شرح پر قرضے دیے جا رہے ہیں۔ نجی ہسپتالوں کو مشینری کی درآمد میں ٹیکسوں کی رعایت دیں گے۔