اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیلئے صوبوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا وائرس کے پھیلائو کو مؤثر طریقہ سے روکا جا سکتا ہے، عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کورونا وائرس …
متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیلئے صوبوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا وائرس کے پھیلائو کو مؤثر طریقہ سے روکا جا سکتا ہے، عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بہت اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیلئے صوبوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا وائرس کے پھیلائو کو مؤثر طریقہ سے روکا جا سکتا ہے، عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، فوکل پرسن برائے کووڈ۔19 ڈاکٹر فیصل سلطان، چیئرمین این ڈی ایم اے اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، آئندہ چند دنوں کے تخمینوں اور صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ملک کے مختلف صوبوں میں کورونا مریضوں کیلئے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور سہولیات کی موجودہ صورتحال اور اس میں اضافہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں، شروع میں ان کی تعداد محض 2 تھی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 4800 وینٹی لیٹر موجود ہیں، شروع میں ان کی کل تعداد 700 تھی۔ موجود 4 ہزار 8 سو وینٹی لیٹرز میں مزید 16 سو کا اضافہ بہت جلد ہو جائے گا، ملک میں این۔95 اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی تک تمام صوبوں کے مختلف ہسپتالوں میں 2 ہزار کووڈ۔19 بستروں کا مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالہ سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے 20 بڑے شہروں میں ان مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے اور جہاں صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرِاعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں کورونا سے متعلق حفاظتی لباس اور پرسنل پروٹیکٹو کٹس کی تمام ضروریات بااحسن طریقے سے پوری کی جا ر ہی ہیں۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، اس ضمن میں عوام کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سامنے آنے والے تخمینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم اس حوالہ سے عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ تمام مقامی قیادت اور لیڈرشپ اپنے اپنے علاقوں میں انتظامیہ کی مدد سے نہ صرف ہسپتالوں میں کووڈ۔19 سہولیات کا جائزہ لیں بلکہ اپنے اپنے حلقوں کی عوام کا حفاظتی اقدامات کے حوالہ سے تعاون یقینی بنانے میں بھی متحرک کردار ادا کریں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس حوالہ سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر ایسے اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ آنے والے چند مشکل ہفتوں کے دوران حفاظتی اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں توازن رکھا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے کووڈ۔19 مریضوں کے استعمال میں آنے والی چند ادویات اور انجکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ مطلوبہ ادویات اور انجکشن باآسانی میسر ہوں۔








