وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کا اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف پرائمری و ہائی سکولز کا دورہ

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ42 ملین روپے کی گرانٹ سے اپنے حلقہ انتخاب این اے 191 ڈیرہ غازی خان کے14 سکولوں میں کلاس رومز اور نئے بلاکس کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے،ماضی میں سرداروں وڈیروں اور جاگیرداروں نے عوام پر تعلیم کے دروازے بند رکھے جس سے تعلیمی …

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ42 ملین روپے کی گرانٹ سے اپنے حلقہ انتخاب این اے 191 ڈیرہ غازی خان کے14 سکولوں میں کلاس رومز اور نئے بلاکس کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے،ماضی میں سرداروں وڈیروں اور جاگیرداروں نے عوام پر تعلیم کے دروازے بند رکھے جس سے تعلیمی پسماندگی میں اضافہ ہوا،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں حلقہ این اے 191 میں مختلف پرائمری و ہائی سکولز کے دورہ کے موقع پر کیا۔ زرتاج گل نے سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں سکولوں کی حالت زار ابتر ہے بچوں اور بچیوں کے لئے کلاس رومز تک نہیں ماضی میں اگر کام کیا جاتا تو اس قدر تنزلی نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 72 سالوں سے سکولوں اور تعلیمی معیار میں بہتری لانے پر کام ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وعدوں کی تکمیل کر رہے ہیں جن علاقوں میں سرے سے سکول موجود نہیں وہاں نئے سکول بنا رہے ہیں جن کی منظوری ہو چکی ہے،ان پر 42 ملین روپے لاگت آئے گی اور فنڈز کا اجراء کرا دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جن سکولوں کی حالت زار مخدوش تھی ان کو بھی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا کیونکہ ہم تعلیمی محرومی کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں ۔زرتاج گل کا کہنا تھا کہ پسماندگی کا خاتمہ تعلیم کے فروغ سے ممکن ہوگا کیونکہ تعلیم سے لوگوں کی زندگی میں خود بخود تبدیلی آنا شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے تعمیر و ترقی کے ساتھ تعلیم کے شعبہ میں بھی عملی اقدامات شروع کر دئے ہیں جن علاقوں اور یونین کونسلز میں سرے سے سکول نہ تھے وہاں اب نئے سکول بنا رہے ہیں اور پرانے تمام سکولوں کو جدید سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی نئے کلاس رومز اور طلباء و طالبات کے لئے بلاکس تعمیر کئے جائیں گے۔