آن لائن ایجوکیشن کے فروغ حوالہ سے ورچوئل یونیورسٹی کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے،وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آن لائن ایجوکیشن کے فروغ حوالہ سے ورچوئل یونیورسٹی (وی یو) آف پاکستان کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ وفاقی سیکرٹری آئی ٹی نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انہیں ورچوئل یونیورسٹی کی طرف سے دوسری یونیورسٹیوں کو اپنی …

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آن لائن ایجوکیشن کے فروغ حوالہ سے ورچوئل یونیورسٹی (وی یو) آف پاکستان کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ وفاقی سیکرٹری آئی ٹی نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انہیں ورچوئل یونیورسٹی کی طرف سے دوسری یونیورسٹیوں کو اپنی آن لائن تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کےلئے ٹیکنالوجیکل سپورٹ کی فراہمی کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری آئی ٹی نے کہا کہ کورونا وباءکی صورتحال کے پیش نظر آن لائن تعلیم کے حوالہ سے ورچوئل یونیورسٹی کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کورونا وباءکو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی مدد سے نمٹا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری آئی ٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی طرف سے ورچوئل یونیورسٹی کو دوسری یونیورسٹیوں کو آن لائن تعلیمی سرگرمیوں کےلئے ٹیکنالوجیکل سپورٹ مہیا کرنے کےلئے کہا گیا تھا جس پر ورچوئل یونیورسٹی نے بڑے مثبت انداز میں جواب دیا اور اپنے لیرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس) کو مزید بہتر کرکے دوسری یونیورسٹیوں کےلئے 6 مہینوں یا ایک سمسٹر کےلئے فری آف کاسٹ آفر کر دیا ہے اور یونیورسٹیوں نے اسے ڈپلائے کرنا شروع کر دیا ہے۔ وی یو کی طرف سے بتایا گیا کہ مکمل طور پر آن لائن سسٹم کی وجہ سے بہار 2020ءکے ایڈمیشنز کا ٹارگٹ سو فی صد حاصل کر لیا گیا ہے۔ مزید آگاہ کیا گیا کہ ورچوئل یونیورسٹی پاکستان سیٹزن پورٹل کی طرف سے ملنے والی شکایات کا ازالہ بغیر کسی تعطل کے کر رہی ہے اور امتحانی سنٹرز گورنمنٹ کے ایس او پیز اور کووڈ-19 کے حوالہ سے رہنمائی کے مطابق اپ گریڈ کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری آئی ٹی نے ورچوئل یونیورسٹی کی آن لائن تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کی خواہش ہے کہ ورچوئل یونیورسٹی پاکستان کی دوسری تمام یونیورسٹیوں کو آن لائن تعلیم کے حوالہ سے ٹیکنالوجیکل سپورٹ فراہم کرے۔