کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مارکیٹ میں ڈیکسامیتھاسون کی وافر مقدار مو جود ہے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا انٹرویو

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مارکیٹ میں ڈیکسامیتھاسون کی وافر مقدار مو جود ہے اور جان بچانے والی ادویات کی قیمت میں اضافہ یا اس کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پیر کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں …

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مارکیٹ میں ڈیکسامیتھاسون کی وافر مقدار مو جود ہے اور جان بچانے والی ادویات کی قیمت میں اضافہ یا اس کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پیر کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوویڈ ۔19کے مریضوں کے علاج کے لئے ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام مہنگی ادویات کے مسئلہ پر ٹال فری نمبر 080003727 پر رابطہ کریں ۔ عید الا ضحیٰ اور قربانی کے جانوروںکی منڈیوں میں ایس اوپیز سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء، علماء اور مشائخ اجلاس کر رہے ہیں اور محفوظ مویشی منڈیوں اور عید الاضحیٰ کے اجتماعات کے لئے تفصیلی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر مذہبی رہنماﺅں کی مشاورت سے مساجد میں ایس او پیز پر عمل کیا گیا، اسی طرح عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی حکومت اپنی قومی سٹریٹیجی کو حتمی شکل دے گی ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ سہولت بڑھا کر یومیہ ایک لاکھ کر دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاﺅن سٹریٹجی کے تحت کورونا وائرس کے کم کیسز ہوئے، کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لئے شہری حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔