اسلام آباد ۔ 23 جون (اے پی پی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکاءسے خطاب کیا۔ یونیورسٹی پہنچنے پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے خطہ کے جیو سٹرٹیجک ماحول اور انڈین …
نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکاءسے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 23 جون (اے پی پی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکاءسے خطاب کیا۔ یونیورسٹی پہنچنے پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے خطہ کے جیو سٹرٹیجک ماحول اور انڈین اوشن ریجن میں موجودہ سکیورٹی کی صورتحال پر اظہار خیال کیا اور پاکستان کےلئے دستیاب مواقع اور درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ امیر البحر نے مزید کہا کہ مشترکہ حکمت عملی جدید ملٹری آپریشنز کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔ ملکی سمندری حدود کو درپیش خطرات کے پیش نظر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی کے ایسے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا جن کے پیچھے پاک بحریہ کو خطے میں ایک اہم میری ٹائم قوت بنانے کا تصور کار فرما ہے۔ نیول چیف نے اس امر پر زور دیا کہ پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول جیسے انفرادی اور مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے بین الاقوامی پانیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ نیول چیف نے ملکی معیشت کے استحکام کےلئے سمندری وسائل کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور اس حوالے سے پاک بحریہ حکومت کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ افواج پاکستان کے آپریشنل عزم کو سراہتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ اﷲ سبحان و تعالیٰ کی ذات پر کامل یقین کے ساتھ پاک بحریہ اپنی سمندری حدود کی حفاظت سے متعلق کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کےلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انھوں نے کورس کے شرکاءکو تلقین کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ امور پر گہری نگاہ کے ساتھ اسلامی تاریخ اور نظریہ پاکستان سے رہنمائی حاصل کریں۔ امیرالبحر نے مسلح افواج کے افسران کو مستقبل کے چیلنجز سے روشناس کرانے کیلئے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردارکو سراہا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کا اعلیٰ عسکری تربیت کا ادارہ ہے جہاں افواج پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے افسران کو جدید عسکری تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ مستقبل میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دے سکیں۔








