وزیرِاعظم عمران خان کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مراعات دینے کے حوالہ سے اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 جون (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکنہ شعبہ میں سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ترسیلات زر کے حوالہ سے مراعاتی پیکیج کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وہ منگل کو یہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مراعات دینے کے حوالہ سے اجلاس کی …

اسلام آباد ۔ 23 جون (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکنہ شعبہ میں سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ترسیلات زر کے حوالہ سے مراعاتی پیکیج کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وہ منگل کو یہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مراعات دینے کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی شہباز گل، سیکرٹری خزانہ و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں بھیجی جانے والی ترسیلات زر کی موجودہ صورتحال اور اس حوالہ سے ان کو مزید مراعات دینے کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے وزیرِاعظم کو بتایا کہ گذشتہ 18 ماہ میں تقریباً 10 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال کے باوجود خطہ کے دوسرے ممالک کی نسبت بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ترسیلات زر میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال مئی میں ترسیلات زر 20.1 ارب ڈالر تھیں جبکہ کورونا کے چار ماہ کے باوجود اس سال مئی میں ترسیلات زر 20.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر کام کرنے والے ہنرمندوں، مزدوروں اور دیگر پیشوں سے وابستہ افراد کو نہ صرف ترسیلات زر بلکہ ہر ممکنہ شعبہ میں سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک میں موجود نوکریوں کے مواقع اور مارکیٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنرمندوں اور کاریگروں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور ان کی پیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ایسے قابل افراد کو بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے مشیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ ترسیلات زر کے حوالے سے مراعاتی پیکیج کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پیکیج پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں