وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے نوجوانوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے شروع کی گئی مختلف مائیکرو فنانسنگ سکیموں میں شرکت کے ذریعے وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام میں تعاون کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ بات انہوں نے اے ڈی بی کے نمائندوں سے ویڈیو …

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے نوجوانوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے شروع کی گئی مختلف مائیکرو فنانسنگ سکیموں میں شرکت کے ذریعے وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام میں تعاون کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ بات انہوں نے اے ڈی بی کے نمائندوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کے دوران کہی۔ پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے بینک کی دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں میں ملک کو ترقی کی راہ ڈالنے میں مدد کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، کاروباری سرگرمیوں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ان پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی آصف چیمہ اور ان کی ٹیم کے ممبران بھی شریک ہوئے۔ ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی آصف چیمہ نے کہا کہ ہم وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت چلائی جانے والی مائیکرو فنانسنگ سکیموں کو قرض دینے سے متعلق تجویز پر اپنی سفارشات سے آگاہ کریں گے۔ عثمان ڈار نے نوجوانوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام میں اے ڈی بی کی بامقصد شرکت دار کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت یوتھ انٹرپرینیور شپ سکیم کے تحت پہلے سے چلنے والی قرضہ سکیم کے علاوہ نئی قرضوں کی سکیموں پر بھی کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔