قیمتوں کے حساس اعشاریے میں 0.98 فیصد اضافہ

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) رواں ماہ 9 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران قیمتوں کے حساس اعشاریے (ایس پی آئی) میں 0.98 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں نو جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران متفرق آمدنی والے طبقے کے لئے ایس پی آئی میں 0.98 فیصد اضافہ …

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) رواں ماہ 9 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران قیمتوں کے حساس اعشاریے (ایس پی آئی) میں 0.98 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں نو جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران متفرق آمدنی والے طبقے کے لئے ایس پی آئی میں 0.98 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال کے اسی ہفتہ کے مقابلہ میں متفرق آمدنی والے گروپ کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں 11.02 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق دوران ہفتہ کم آمدنی والے افراد کے لئے ایس پی آئی میں 1.27 فیصد جبکہ دیگر متفرق گروپس کے لئے حساس اعشاریہ میں بھی ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوران ہفتہ 11 مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 میں استحکام اور 18 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے دوران دال مونگ، کیلے، کوکنگ آئل، آٹا، دال مسور، ایل پی جی سلنڈر، دال ماش اور اری چاولوں سمیت دیگر 11 اشیاءکی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ اسی طرح روٹی، دودھ، نمک، چائے، سگریٹس، بجلی و گیس کے نرخوں، جلانے والی لکڑی اور پٹرول و ڈیزل سمیت 22 مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ دوسری جانب ٹماٹر، پیاز، سبز مرچ، انڈوں، آلو، چینی، چکن اور گوشت سمیت دیگر 18 مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔