ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے جون میں پٹرول کے بحران کے حوالہ سے تھنک ٹینک کی رپورٹ کو مسترد کردیا

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے جون میں پٹرول کے بحران کے حوالہ سے تھنک ٹینک کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن تیل و گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور ملک میں توانائی کے تحفظ کیلئے روڈ میپ تیار کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی طرف …

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے جون میں پٹرول کے بحران کے حوالہ سے تھنک ٹینک کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن تیل و گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور ملک میں توانائی کے تحفظ کیلئے روڈ میپ تیار کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے 21 جولائی کو جون 2020ءکے پٹرول کے بحران کے متعلق جاری کی جانے والی رپورٹ حقائق کے برعکس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس رپورٹ میں جون 2020ءمیں پٹرول کے بحران کو کووڈ۔19 لاک ڈاﺅن کے دوران 25 مارچ 2020ءکو حکومت کی طرف سے درآمد پر پابندی کی وجہ قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مارچ سے جون تک تیل کی درآمد کے شیڈول کے حوالہ سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان نے رپورٹ کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ خود ہی اپنے مندرجات کی نفی کرتی ہے۔ 25 مارچ سے 24 اپریل کے دوران 6 بحری جہازوں کو پٹرول اور 2 بحری جہازوں کو ضرورت کے مطابق اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں کی طلب کے مطابق تیل لانے کی اجازت دی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ جون 2020ءمیں ملک میں پٹرول اور ڈیزل کا ملکی ضرورت پوری کرنے کیلئے 8 لاکھ 46 ہزار 500 میٹرک ٹن کے وافر ذخیرے کا انتظام کیا گیا جبکہ جون 2019ءمیں پٹرول اور ڈیزل کی یہ کھپت 6 لاکھ 895 میٹرک ٹن تھی۔ پی ایس او نے پٹرول کی طلب کو پورا کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ ترجمان نے کہا کہ یکم سے 25 جون تک پٹرول کی فروخت اوسطاً 25 ہزار ٹن یومیہ تھی لیکن 26 جون کے بعد پٹرول کی قیمت میں اضافہ کے باعث یہ کم ہو کر 18 ہزار ٹن پر آ گئی۔ ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم ڈویژن ملک میں تیل و گیس کی دستیابی کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔