کورونا کی وجہ سے عید الاضحی کے ایام میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ گورنرسندھ کا عید کے موقع پر پیغام

کراچی۔31جولائی(اے پی پی) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے صوبہ کے عوام کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال کورونا وائرس کی وجہ سے حالات مختلف ہیں ،عید الاضحی کے ایام میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، ہمیں عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی …

کراچی۔31جولائی(اے پی پی) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے صوبہ کے عوام کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال کورونا وائرس کی وجہ سے حالات مختلف ہیں ،عید الاضحی کے ایام میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، ہمیں عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر جاری پیغام میں کیا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی پیروی میں ہم ہر برس جانور اللہ تعالی کی راہ میں قربان اور اس کے گوشت کو عزیز و اقارب ، رشتہ داروں ، پڑوسیوں اور غرباءمیں تقسیم کرتے ہیں جبکہ گھروں پر مختلف لذیز کھانوں کا اہتمام بھی کیا جاتاہے ، عید کے ایام میں عزیز و اقارب ایک جگہ جمع ہو کرخوشیاں مناتے ہیں۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اب بھی پوری دنیا میں کورونا وائرس بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کی دور اندیشی کے باعث ہمارے پڑوسی ممالک کی نسبت پاکستان کی صورتحال بہت بہتر ہے یہی وجہ ہے کہ آج دنیا وزیراعظم کے اقدامات کا اعتراف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ان ممالک میں چوتھے نمبر پر ہیں جہاں کورونا وائرس کے خلاف بھرپور اقدمات یقینی بنائے گئے ہیں ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ہمیں اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہئے ایسا نہ ہو کہ ہم ایک دو دن کی خوشیوں کی خاطر ایک بار پھر کورونا وائرس کو بڑھانے کا سبب بن جائیں اسے ہم نے روکنا ہے اپنی عید کی مسرتوں کو تھوڑا قربان کرکے ہم اپنی آئندہ خوشیوں کو بچا سکتے ہیں ، ہم سب مل کر ہی اس وباءکو بڑھنے سے روک سکتے ہیں ، انشااللہ آئندہ برس ہم اپنی عیدیں بھرپور طریقہ سے مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں گے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ عید الاضحی کے روز غریب ، نادار اور معاشی حالات سے تنگ افراد کو ہر گز نہ بھولیں ، قربانی کے گوشت کے اصل حقدار یہی لوگ ہوتے ہیں جو کہ ہماری مذہبی روایات کا تقاضہ بھی ہے ۔