وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا فارن منسٹر آنرز لسٹ کے اعلان کے لئے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وژن ایف او کے تحت کورونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کیلئے ”فارن منسٹرز آنرز لسٹ“ کا اعلان کر دیا۔ آنرز لسٹ کا باقاعدہ اعلان جمعرات کو وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت صدارت منعقدہ خصوصی تقریب میں …

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وژن ایف او کے تحت کورونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کیلئے ”فارن منسٹرز آنرز لسٹ“ کا اعلان کر دیا۔ آنرز لسٹ کا باقاعدہ اعلان جمعرات کو وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت صدارت منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا گیا۔ فارن منسٹرز آنرز لسٹ میں شامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مختلف کیٹگریز کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔ پہلی کیٹگری میں وہ شہداءشامل ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی خدمت جاری رکھی اور اپنی جان جان آفرین کے سپرد کر دی۔ دوسری کیٹگری میں وہ ہیلتھ ورکرز/ڈاکٹرز شامل ہیں جنہوں نے مثالی خدمات سر انجام دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا۔ تیسری کیٹگری میں وہ شخصیات شامل ہیں جنہوں نے کورونا وبا کے دوران امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ چوتھی کیٹگری میں سمندر پار مقیم وہ پاکستانی شامل ہیں جنہوں نے پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مل کر پاکستانی کمیونٹی کیلئے مثالی خدمات سر انجام دیں جبکہ پانچویں کیٹگری میں وہ اوورسیز سماجی تنظیمیں شامل ہیں جنہوں نے کورونا وبا کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی دل کھول کر مدد کی۔ اس آنرز لسٹ میں دنیا بھر میں مقیم 86 پاکستانیوں کا نام شامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان پاکستانیوں نے کورونا وبا کے دوران اپنی گرانقدر خدمات سے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ آنرز فہرست میں شامل پاکستانیوں نے صحیح معنوں میں پاکستان کا سفیر ہونے کا حق ادا کیا اور اپنے طرزِ عمل سے ملک کیلئے نیک نامی کا باعث بنے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں ان سب شخصیات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ فارن منسٹرآنرز لسٹ کا اجراءسالانہ بنیادوں پر کیا جائے اور دنیا بھر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کی جائے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران موجود تھے۔