وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر جنگی بنیادوں پر کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے، وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور وزیراعظم عمران خان سنجیدگی کے ساتھ اس کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے وقت کے ساتھ ساتھ شہر کے مسائل بڑھے ہیں، وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر جنگی بنیادوں پر کراچی کے مسائل …

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور وزیراعظم عمران خان سنجیدگی کے ساتھ اس کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے وقت کے ساتھ ساتھ شہر کے مسائل بڑھے ہیں، وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر جنگی بنیادوں پر کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال بارشوں سے قبل ایف ڈبلیو او کے ساتھ مل کر کراچی سے کچرا اٹھایا تھا جس کی وجہ سے اتنی تباہی اور نقصان نہیں ہوا تھا جتنا اس بار ہوا ہے، سندھ حکومت کی گورننس کی کمزوریاں سب کے سامنے ہیں، سب کچھ ٹھیک ہوتا تو وفاقی حکومت نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو کراچی کی صفائی کیلئے نہ بھیجتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کبھی بھی کراچی میں گورنر راج لگانے کی بات نہیں کی، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کا بیان سمجھ سے باہر ہے، کراچی کے مسائل حل کرنا ناگزیر ہے اور وفاقی حکومت سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہتی ہے، چاہتے ہیں کہ مضبوط ایڈمنسٹریٹر تعینات ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بات کر رہی ہے جب کہ ہم اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ کراچی سے کچرا کیسے اٹھانا ہے، نالوں کی صفائی کیسے کرنی ہے، عوام کو پانی کیسے مہیا کرنا ہے اور لوگوں کے ٹرانسپورٹیشن کے مسائل کیسے حل کرنے ہیں، ماضی میں یہ سارے کام کئے گئے ہوتے تو آج ایسی باتیں نہ ہو رہی ہوتیں۔ علی حیدر زیدی نے کہا کہ کورونا کے باوجود معاشی اعشاریے مثبت ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک صحیح سمت کی جانب گامزن ہے۔