صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے 75 ویں قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب

کراچی۔19 اگست(اے پی پی) صدر مملکت اور چیف اسکاﺅٹ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسکاﺅٹس بچوں کو روایتی مہارتیں سکھانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کرایا جائے، اسکولز کے بچوں کے ساتھ مدارس کے بچوں کو بھی شامل کر لیں، اسکاﺅٹس آئندہ سال کے لئے اہداف میں اسکاﺅٹ کی تعداد میں مزید اضافہ، اسکاﺅٹنگ بڑھانے کے لئے مزید اداروں اور نئی مہارتیں سکھانا بھی شامل …

کراچی۔19 اگست(اے پی پی) صدر مملکت اور چیف اسکاﺅٹ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسکاﺅٹس بچوں کو روایتی مہارتیں سکھانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کرایا جائے، اسکولز کے بچوں کے ساتھ مدارس کے بچوں کو بھی شامل کر لیں، اسکاﺅٹس آئندہ سال کے لئے اہداف میں اسکاﺅٹ کی تعداد میں مزید اضافہ، اسکاﺅٹنگ بڑھانے کے لئے مزید اداروں اور نئی مہارتیں سکھانا بھی شامل کریں، ملک میں یکسان نظام تعلیم پر توجہ دی جا رہی ہے اور نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کو جو مسائل درپیش ہیں انہیں حل کرنے میں ہر ممکن مدد و تعاون کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پاکستان بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے 75 ویں قومی کونسل کے اجلاس کے دوران گفتگو اور بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں صدر مملکت اور چیف اسکاﺅٹ کی آمد پر اسکاﺅٹس نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ مہمان خصوصی نے سرسبز پاکستان مہم کے تحت عمارت کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ تقریب میں پی آئی اے کے چیئرمین اور پی آئی اے بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے چیف ارشد ملک، چیف سیکریٹری سندھ اور پرووینشل اسکاﺅٹس کمشنر سید ممتاز علی شاہ، چیف اسکاﺅٹس کمشنر پاکستان بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن سرفراز قمر ڈاھہ، ملک بھر کے اسکاﺅٹس کے 10 ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور نیشنل کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں بھی اسکاﺅٹ رہا ہوں اور اسکاﺅٹس سے اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکاﺅٹ اس لئے کامیاب ہے کیونکہ یہ بچپن سے ہی اچھے سماجی اقدار اور مہارتیں سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے سیکھنے کا عمل گھر اور اسکول سے شروع ہوتا ہے لیکن جو مہارتیں گھر اور اسکولز میں نہیں سکھائی جاتیں وہ اسکاﺅٹس کے ذریعے سکھائی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسکاﺅٹس حادثات اور قدرتی آفات کے موقع پر اپنی بہترین خدمات انجام دیتے ہیں۔ اسکاﺅٹس کا ماضی بہت شاندار رہا ہے لیکن یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ آج اسکاﺅٹس کی کتنی ضرورت ہے اور اسکاﺅٹس کتنا کام کرتی ہے اس فرق کو دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اسکاﺅٹس کی تعداد ساڑھے سات لاکھ ہے لیکن ابھی بھی لاکھوں بچے ہیں جہاں اسکاﺅٹنگ کو پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھا ادارہ ہے اور پاکستان کو اس کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ فرسٹ ایڈ بہت ضروری ہے کیونکہ فرسٹ ایڈ انسانی جان بچاتی ہے، ہر گھر میں لوگوں کو فرسٹ ایڈ آنا چاہئے، مجھے خوشی ہے کہ اسکاﺅٹس فرسٹ ایڈ میں سی پی آر سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کو تمام اسکولز کے ساتھ ملک میں موجود مدارس تک بھی پہنچانا چاہئے اور مدارس کے بچوں کو بھی ان مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے روشاناس کرانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسکاﺅٹس سے وابستہ ہوں گے انہیں مسقبل میں فخر ہو گا کہ میں بھی اسکاﺅٹ تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسکاﺅٹس بہت اچھے اور مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران اسکاﺅٹس کے انتخابات، ذرائع آمدن کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔ چیف اسکاﺅٹس کمشنر پاکستان بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن سرفراز قمر ڈاہہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ اسکاﺅٹس کو ٹیکنالوجی کی مہارتیں سکھانا بھی شامل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاﺅٹس بھی وزیراعظم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے سرسبز وشاداب پاکستان مہم میں حصہ لے رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم ملک میں 15 لاکھ پودے لگائیں گے اور اگلے سال اس تعداد کو دگنا کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 7 لاکھ 50 ہزار اسکاﺅٹس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے گذشتہ ستمبر میں انتخابات ہوئے تھے، ہمیں وفاق اور صوبائی حکومتیں گرانٹ دیتی ہیں اور اس کے علاوہ بھی ہمارے آمدن کے ذرائع ہیں۔

مزید خبریں