سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کا اظہار

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا لفظ اپوزیشن کو کیوں چھیڑ لگتا ہے، یہ اپنی نوکری بچانے کے لئے ایوان میں شور شرابہ کرتے ہیں۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا ایشو ہمارے حکومت میں آنے سے پہلے کا …

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا لفظ اپوزیشن کو کیوں چھیڑ لگتا ہے، یہ اپنی نوکری بچانے کے لئے ایوان میں شور شرابہ کرتے ہیں۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا ایشو ہمارے حکومت میں آنے سے پہلے کا ہے، ہمارے دور حکومت میں پاکستان گرے لسٹ میں نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ایسا کیا کیا کہ جس کے باعث ملک گرے لسٹ میں گیا، ایف اے ٹی ایف اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے جو کچھ کہا تھا اس پر قائم ہوں، ہم ملک کو گرے لسٹ سے نکالنا چاہتے ہیں، ابھی تو بل ایوان میں آیا نہیں پھر بھی یہ شور شرابہ کیوں کر رہے ہیں۔ قائد ایوان نے کہا کہ اپوزیشن نے ایوان میں دھمکی دی ہے، ان کی نازیبا گفتگو بھی ریکارڈ کا حصہ ہے، اپوزیشن غلط فہمی کا شکار ہے، ان کے سب کرتوت ایوان میں سامنے لاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ضمیر کے سامنے سرخرو ہوں، کسی کا کاسہ لیس نہیں ہوں، اپوزیشن کا مسئلہ قومی سلامتی نہیں مالی سلامتی ہے، ان کے لئے یہ قومی مفاد کا نہیں مالی مفاد کا معاملہ ہے، اپوزیشن شور مچا کر مجھے بولنے سے نہیں روک سکتی، میں نے کسی کا نام نہیں لیا، حقائق پر بات کی ہے، اپوزیشن نے فیصلہ کرنا ہے، وہ قومی سلامتی اور ملکی مفاد کے ساتھ کھڑی ہے یا اس کا مقصد ذاتی مفاد ہے۔ قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کی تقریر کے دوران سینیٹر اسلام الدین شیخ سمیت دیگر اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ جاری رکھا۔