پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات میں طے کیے گئے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 03ستمبر(اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات میں طے کیے گئے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ حنیف اتمر نے جمعرات کو وزیر …

اسلام آباد ۔ 03ستمبر(اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات میں طے کیے گئے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ حنیف اتمر نے جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دوران گفتگو، دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے 31 اگست کو کابل میں ہونے والے پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات کے دوسرے دور کے کامیاب انعقاد پر افغان وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات میں طے کیے گئے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے افغان ہم منصب کو افغان طالبان نمائندہ وفد کے ساتھ وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان شروع سے اس موقف پر قائم ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا دیرپا حل فریقین کے مابین جامع مذاکرات سے ہی ممکن ہے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔افغان امن عمل کو یقینی بنانے کیلئے، بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے۔افغان قیادت کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین کی جلد، باعزت وطن واپسی کا خواہاں ہے۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ ،علاقائی روابط میں اضافے سمیت باہمی تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔