پاکستان کا اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی میں شفافیت کا مطالبہ دہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق تمام تر شواہد کی فراہمی کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے دو بھارتی باشندوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل نہ کرنا افسوسناک ہے، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی میں شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق تمام تر شواہد کی فراہمی کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے دو بھارتی باشندوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل نہ کرنا افسوسناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے …

اسلام آباد ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی میں شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق تمام تر شواہد کی فراہمی کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے دو بھارتی باشندوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل نہ کرنا افسوسناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ دو بھارتی باشندوں گوبندا پٹنائک اور انگارا اپاجی کو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی کی جانب سے دہشتگردوں کی فہرست میں شامل نہ کیا گیا، یہ بھارتی باشندے بھارت میں مقیم ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ان باشندون کے حوالے سے تمام شواہد فراہم کیے تھے لیکن انہیں دہشت گردوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے ٹی ٹی پی اور جے یو اے جیسی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت بے نقاب کرتا رہے گا۔ترجمان کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے محاصرے کو 395 روز ہو چکے ہیں اور گزشتہ ایک سال کے دوران 364 کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ ترجمان نے محرم الحرام کے جلوس عزاداری پر بھارتی قابض فوج کی وحشیانہ مظالم کی مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی کی حکومت قابض بھارتی افواج کے مظالم کی براہ راست ذمہ دار ہے۔پاکستان بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر میں ہندی زبان کے نفاذ کے حکم کی شدید مذمت کرتا ہے۔اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کی شناخت اور ثقافت کو تباہ کرنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو غیر قانونی بھارتی اقدامات اور طاقت کے استعمال کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بی جے پی کی ہندوتواء نظریہ کے تحت بھارت میں اقلیتوں پر مظالم پر شدید تحفظات ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جان بوجھ کر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے عمل کو آزادیِ اظہارِ رائے قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایسے اقدامات سے عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی اور امن کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل طور پر عملدرآمد کر رہا ہے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھارت کو ایک اور موقع دینے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوش کے معاملے پر بھارت کو تیسری قونصلر رسائی دینے کی پیشکش کی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں بھر پور شرکت کرے گا۔کس سطح پر شرکت ہو گی اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے تاہم جیسے ہی حتمی فیصلہ ہو ا میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔