اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان روایتی مثالی باہمی تعلقات ہیں جو کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں پاک۔ترک تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے سے متعلق کتاب پیش کی۔ …
پاکستان اور ترکی کے درمیان روایتی مثالی باہمی تعلقات ہیں ، وفاقی محتسب

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب سیّد طاہر شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان روایتی مثالی باہمی تعلقات ہیں جو کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ مفادات پر مبنی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں پاک۔ترک تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے سے متعلق کتاب پیش کی۔ وفاقی محتسب نے اپنے ادارہ کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب نے موجودہ سال کے نو ماہ کے دوران ایک لاکھ چار ہزار شکایات وصول کی ہیں اور ان میں سے ترانوے ہزار شکایات نمٹائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر ساٹھ دن کے اندر مفت انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترکی کے سفیر اور وفاقی محتسب نے مستقبل قریب میں ترکی کے محتسب کے دورہ پاکستان سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔ ترکی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی آزمودہ دوست ہیں اور محتسبین فورم سے دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔








