ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی): ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلال امتیاز (ملٹری) ستارہ بسالت نے 22ویں چیف آف دی نیول اسٹاف کے طور پر پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نشان امتیاز (ملٹری) نے اپنی مدت ملازمت کے اختتام پرپاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے سپرد …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی): ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلال امتیاز (ملٹری) ستارہ بسالت نے 22ویں چیف آف دی نیول اسٹاف کے طور پر پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نشان امتیاز (ملٹری) نے اپنی مدت ملازمت کے اختتام پرپاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے سپرد کی۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خطاب میں اللہ تعالیٰ کی بیش بہا عنایتوں کا شکر ادا کیا جن کی بدولت انھوں نے پاک بحریہ کی کمانڈ بہترین انداز میں انصاف، ایمانداری اور وقار کے ساتھ مکمل کی۔ انھوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد پاک بحریہ کو ہمہ وقت تیا ر فوج بنانا تھا جس کا دارومدار بہترین جنگی تیاری اور پیشہ وارانہ مہارت پر ہو۔ انھوں نے اپنے وڑن کی مختلف جہتوں کی تکمیل کے لیے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے کی جانے والی انتھک محنت کو سراہا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گزشتہ برسوں میں غیر مستحکم جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے پلواما واقعہ کے بعد کی صورتحال کا خصوصاً ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور فوج کے مشترکہ موقف اور اسے سفارتی و ملٹری سطح پر اجاگر کرنے سے بھارت کے ارادے خاک میں ملا دیے گئے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی عزائم کا منہ توڑ جواب دیا اور دل ودماغ کی جنگ میں فتح حاصل کر تے ہوئے بھارتی جھوٹے دعووں کو نیست و نابود کیا۔ انھوں نے پاکستان کے سمندر میں دراندازی کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو پکڑنے پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انھوں نے اپنے دور میں بحری آگہی اور بلو اکانومی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات خصوصاً سمندر میں موجود ہائیڈرو کاربن کے ذخائر کی تلاش پر روشنی ڈالی جس کی بدولت پاکستان کے غیر دریافت شدہ ذخائر سے پاکستان کو بے بیش بہا فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو مبارک باد دی۔ انھوں نے نئے نیول چیف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ ان کی سربراہی میں پاک بحریہ بلندی کے نئے مراحل طے کرے گی۔ایڈمرل عباسی نے کمانڈ کی سپردگی کے موقع پر اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل معاونت پر حکومت پاکستان، وزارتِ دفاع، جوائنٹ سروسز ہیڈکوارٹرز اور دیگر مسلح افواج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں، سبکدوش ہونے والے نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے روایتی اسکرول پیش کر تے ہوئے پاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے سپرد کی۔ تبدیلی ِ کمانڈ کی تقریب میں پاک بحریہ کے سابق سربراہان، حاضروریٹارڈ افسران، سی پی اوز/سیلرز اور نیوی سویلینز نے شرکت کی۔ بعد ازاں، امیر البحر محمد امجد خان نیازی نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگارِشہدائ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ نیول ہیڈکوارٹر آمد پر چاوق و چوبند دستے نے نئے امیر البحر کو سلامی پیش کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنزبرانچ میں 1985میں کمیشن حاصل کیا۔ اعلی صلاحتیوں کے پیش نظر اعزازی شمشیر حاصل کرنے والے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو کمانڈ اور اسٹاف عہدوں کا وسیع تجربہ ہے۔ ان کی کمانڈ تقرریوں میں دو Typeـ21 جہاز پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کی کمانڈ، اٹھارویں ڈسٹرائر سکواڈرن کی کمانڈر، کمانڈانٹ پی این ایس بہادر، کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج /کمانڈر سنٹرل پنجاب، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی شامل ہیں۔ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری، ہیڈ آف Fـ22P مشن چائنہ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن)، ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس اور چیف آف اسٹاف (آپریشنز) شامل ہیں۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ آپ نے چین کی بیجنگ یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس سے انڈر واٹر ایکوسٹکس میں ماسٹرز ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ ان کی اعلٰی خدمات کے اعتراف میں انھیں ہلالِ امتیاز(ملٹری) اور ستارہِ بسالت کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ان کو حکومتِ فرانس کی جانب سے فرانسیسی میڈل شیولیئر نائٹ بھی نوازا گیا ہے۔