اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے المناک اور دل دہلا دینے والے زلزلے کے زخم ابھی بھی آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام میں زندہ ہیں، ہم اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بڑھتی ہوئی قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لئے ایک منظم منصوبہ بندی سے مسلسل کام کریں گے۔ …
موجودہ اور آنے والی نسلوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک منظم منصوبہ بندی سے مسلسل کام کریں گے، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے المناک اور دل دہلا دینے والے زلزلے کے زخم ابھی بھی آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام میں زندہ ہیں، ہم اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بڑھتی ہوئی قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لئے ایک منظم منصوبہ بندی سے مسلسل کام کریں گے۔ 8 اکتوبر کے حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 15 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس المناک حادثہ سے متاثر عوام کے دلوں میں اپنے ان پیاروں کی یادیں زندہ ہیں جو اس سانحے کے نتیجہ میں اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اس زلزلے میں اپنی ایک پوری نسل کو کھو دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں آج کا دن اپنے ان پیاروں کو یاد کرنے کا دن ہے وہاں ہر سال یہ دن اس عزم کے اظہار کا بھی دن ہے کہ ہم نے اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بڑھتی ہوئی قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک منظم منصوبہ بندی سے مسلسل کام کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے نتیجہ میں بین الاقوامی سطح پر ماحولیات میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ان کی شدت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں موسمیاتی تبدیلیوں سے آنے والے دنوں میں بے پناہ چیلینجز درپیش ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، موسلادھار بارشوں، سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آئے دن متاثر رہنا شروع ہو گیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ہمیں قلیل اور طویل مدتی پالیسیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلیاں سے نمردازما ہونے کے لئے اپنا ایک وڑن رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری منصوبہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ایک ایسی شاندار کوشش ہے کہ جس کو نہ صرف قومی سطح پر بھرپور سہرا گیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس اس کو بے حد پزیرائی حاصل ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ جہاں اس تاریخ ساز منصوبے کے پورے پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے وہاں ہم نے اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ ہم نے تعمیرات کے شعبے کو جغرافیائی خدو خال سے مطابقت رکھتے ہوئے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا ہے جس سے تعمیرات تمام تر موسمیاتی اور زلزلوں جیسی دیگر قدرتی آفات کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تعمیراتی کوڈز اور قوانین کا سختی سے اطلاق ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تما م تر عمل میں تعمیراتی منصوبوں میں کرپشن کا خاتمہ اور سو فیصد شفافیت بھی انتہائی لازمی ہے جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کابھی حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں شفاف طرز حکومت کے لئے کوشاں ہے اور اپنے دور حکومت میں پاکستان تحریک انصاف بغیر کسی سمجھوتے کے مافیاز کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں کی تنظیم نو کے ذریعے ایک شفاف طرز حکومت کو ہر حال میں یقینی بنائے گی۔








