وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کا دورہ

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعرات کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی بریگیڈیئر (ر) وقار راشد خان نے این ٹی سی کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ یہاں جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کی …

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعرات کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی بریگیڈیئر (ر) وقار راشد خان نے این ٹی سی کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ یہاں جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی نے این ٹی سی ہیڈ کوارٹرز میں نیشنل ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا اور این ٹی سی کی کارکردگی اور کلاوڈ بیسڈٹیئر III، آئی ایس او 27001 سرٹیفائیڈ نیشنل ڈیٹا سینٹر (این ڈی سی) کے قیام کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کیا جانے والا احساس پروگرام پسماندہ عوام کی ترقی کے لئے پاکستان میں اب تک شروع کیا جانے والا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کے مستحق شہریوں کی سہولت کے لئے متحرک ڈیجیٹل سوشل ایکو سسٹم پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال نے شفافیت اور تخفیف غربت کے لئے حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے پروگرام کو موثر بنایا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے غربت کے خاتمہ اور سوشل سیفٹی ڈویژن اور بی آئی ایس پی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے لئے ضروری رسائی/رابطہ اور ڈیٹا سینٹر سہولیات کی فراہمی کیلئے این ٹی سی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے آئی ٹی اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی غیر معمولی تیاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ عوامی شعبے کو سہولیات فراہم کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی بریگیڈیئر (ر) وقار راشد خان اور این ٹی سی انتظامیہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔ این ٹی سی ہیڈ کوارٹرز آمد پر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی بریگیڈیئر (ر) وقار راشد خان اور این ٹی سی کے سینئر افسران نے وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا والہانہ استقبال کیا۔