اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرسبزاور خوبصورتی کے عنصر کی بحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی منظوری کے بعد تشکیل پانے والی پہلی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران اسلام آباد کی وہ ترقی جو 50سال میں ہوئی تھی واپس چھین لی تھی‘ …
اسلام آباد کی وہ خوبصورتی واپس دلائیں گے جو میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ساڑھے چار سال میں چھین لی تھی،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرسبزاور خوبصورتی کے عنصر کی بحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی منظوری کے بعد تشکیل پانے والی پہلی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران اسلام آباد کی وہ ترقی جو 50سال میں ہوئی تھی واپس چھین لی تھی‘ موجودہ حکومت نے اسلام آباد کے صفائی ستھرائی کے نظام ‘ پینے کے پانی کی فراہمی اور خوبصورتی و شادابی کے لئے قلیل اور طویل المدت منصوبہ بندی کرلی ہے جس کے ثمرات آئندہ دو ماہ میں نظر آئیں گے۔جمعہ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے باسیوں نے پاکستان تحریک انصاف کو تینوں سیٹوں پر کامیاب کرکے عزت بخشی ہے ہم اسلام آباد کی وہ خوبصورتی واپس دلائیں گے جو گزشتہ ساڑھے سال میں کھو گئی تھی ۔ سینیٹیشن‘ انوائرمنٹ‘ روڈز‘ واٹر سپلائی کے شعبے غیر فعال تھے اور اسلام آباد کے مختلف علاقے اور سیکٹر کچرا کنڈیوں میں تبدیل ہوگئے تھے۔میئر اسلام آباد نے استعفیٰ سے قبل چاروں ڈائریکٹوریٹ سی ڈی اے کے حوالے کردیئے اور اس بات کو تسلیم کیا کہ وہ کام نہیں کرسکے اس لئے انہوں نے استعفیٰ دیا گزشتہ دو دن کے دوران اس کے اثرات شہریوں نے دیکھنا شروع کردیئے ۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ خود رو گھاس اور جنگلی جڑی بوٹیوں کو تلف کرنا شروع کردیا گیا ہے۔پارک اپنی اصل حال میں آنا شروع ہوگئے ہیں۔ آئندہ دو ماہ میں شہری اسلام آباد کو بدلتا ہوا دیکھیں گے۔ اسلام آباد کے اندرونی اور بیرونی اہم اور چھوٹی سڑکوں کی ری کارپینٹنگ کا کام شروع کرنے جارہے ہیں۔ پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے اسلام آباد کے لئے واسا اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لائیں گے جس سے غازی بروتھا سے پانی اسلام آباد لانے کے لئے انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا ۔ جبکہ سملی اورخان پور ڈیم سے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔سٹریٹ لائٹس کا نظام جو ناکارہ ہو چکا تھا اسے بھی فعال کریں گے‘اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد ہوگا ۔پی ڈبلیو ڈی انٹرچینج کو پانچ ماہ میں مکمل کریں گے۔ جی سیون۔جی ایٹ انڈرپاس اوربرما پل مکمل ہو چکا ہے۔دیہی علاقوں کی ترقی پر دو ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راول ٹاﺅن انٹرچینج پر بھی کام شروع ہو چکا ہے اور دس کلو میٹر آئی جے پی روڈ کی تعمیر بھی جلد شروع ہو جائے گی۔سیونتھ ایونیوآبپارہ کے قریب بھی انڈر پاس تعمیر کریں گے اور یہ تمام منصوبے شہر کے لئے اشد ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہارہ کہو پل کو سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت بنانے جارہے ہیں۔اسلام آباد سے ہر کوئی حصہ مانگتا ہے لیکن این ایف سی میں اسلام آباد کو کوئی حصہ دینے کے لئے تیار نہیں ۔صحت کے شعبہ کے لئے ایک جامع نظام لا رہے ہیں ‘ پولی کلینک کی توسیع کے لئے سی ڈی اے نے پانچ ایکڑ زمین فراہم کردی ہے جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لئے قبرستان کے لئے 10ایکڑ اراضی سی ڈی اے نے فراہم کی ہے۔ 15سے 18 ماہ میں اسلام آباد میں بہترین تبدیلی دیکھائی دے گی ۔








