وزیراعظم عمران خان کی آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن سے ٹیلی فون پر بات چیت

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران ہماری حکومت کی توجہ لوگوں کی زندگیاں بچانے، ذرائع معاش کے تحفظ اور معیشت کو فروغ دینے پر مرکوز رہی ہے، اس سلسلہ میں سمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی اور دیگر اقدامات کی بدولت پاکستان میں کورونا کی وبا کے پھیلائو کی روک تھام میں نمایاں کامیابی ملی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے …

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران ہماری حکومت کی توجہ لوگوں کی زندگیاں بچانے، ذرائع معاش کے تحفظ اور معیشت کو فروغ دینے پر مرکوز رہی ہے، اس سلسلہ میں سمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی اور دیگر اقدامات کی بدولت پاکستان میں کورونا کی وبا کے پھیلائو کی روک تھام میں نمایاں کامیابی ملی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کورونا کی صورتحال میں آسٹریلیا کی جانب سے موثر انتظام کو سراہا اور اس وبا کے باعث صحت و معیشت سے متعلق عالمی چیلنجز کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی توجہ لوگوں کی زندگیاں بچانے، ذرائع معاش کے تحفظ اور معیشت کو فروغ دینے پر مرکوز رہی ہے، اس سلسلہ میں سمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی اور دیگر اقدامات کی بدولت پاکستان میں کورونا کی وبا کے پھیلائو کی روک تھام میں نمایاں کامیابی ملی ہے۔ وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک میں معیشتوں پر کووڈ۔19 کے منفی اثرات کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ اس حوالہ سے انہوں نے قرضوں میں ریلیف کے عالمی اقدام کا مطالبہ کیا جس کی آسٹریلیا کی جانب سے حمایت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالات میں بہت بہتری آئی ہے اس لئے کووڈ۔19 کی وبا کی صورتحال میں بہتری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ بھی بحال ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن پورے خطہ اور پاکستان کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے، افغانستان میں امن کی بحالی سے تجارت اور علاقائی رابطہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلین وزیراعظم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم نے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے حوالہ سے اپنے ملک کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کا اعتراف کیا۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان کو دورہ آسٹریلیا کی دعوت بھی دی۔

مزید خبریں