اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ عالمی بینک پاکستان کا دیرینہ ترقیاتی شراکت دارہے، کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کو عالمی سطح پرسراہاگیاہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرایگزل وان ٹروٹسن برگ اورعالمی بینک کے نائب صدرہرت ونگ شیفرسے ورچوئل اجلاس کے دوران کہی۔یہ اجلاس آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے …
عالمی بینک پاکستان کا دیرینہ ترقیاتی شراکت دارہے، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ عالمی بینک پاکستان کا دیرینہ ترقیاتی شراکت دارہے، کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کو عالمی سطح پرسراہاگیاہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرایگزل وان ٹروٹسن برگ اورعالمی بینک کے نائب صدرہرت ونگ شیفرسے ورچوئل اجلاس کے دوران کہی۔یہ اجلاس آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پرمنعقد ہوا،وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار، وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر، اور گورنرسٹیٹ بینک رضا باقرنے بھی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔وزیراعظم کے مشیرڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کوویڈ19 کا موثرطریقہ سے مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کو ضروری مالی معاونت کی فراہمی پرعالمی بینک کے کردارکو سراہا اورکہاکہ عالمی بینک پاکستان کاطویل المعیادشراکت دارہے۔انہوں نے اجلاس کے شرکاکوملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اورپائیدارترقی کیلئے حکومت کے اصلاحات کے پروگرام کے چیدہ چیدہ نکات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی حکومت نے اپنے اخراجات پرقابوپانے کیلئے ایک موثرپالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت اندرونی ذرائع سے محصولات میں اضافہ کیا جارہاہے، انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کی وجہ سے کورونا سے پہلے محصولات اکٹھاکرنے میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔مارچ 2020 میں پرائمری بیلنس سرپلس تھا، جو ایک بڑی کامیابی تھی تاہم بدقسمتی سے وبا نے اقتصادی کامیابیوں کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نے مشکل وقت میں اپنے ایک کروڑ16 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو نقدامدادفراہم کی، وبا کے دنوں میں احسا س پروگرام کے ذریعہ شفاف اورموثرطریقہ سے امداد کی فراہمی کو عالمی سطح پرسراہاگیاہے۔ اسی طرح حکومت نے سبسڈیز اورپے رول سکیم کے تحت کاروباربالخصوص چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارکو سہولیات فراہم کیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولئیم ندیم بابر نے شرکا کو توانائی کے شعبہ میں اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا، انہوں نے کہاکہ توانائی کے نظام میں شفافیت اوراسے موثر بنانے کیلئے پرانے پاورپلانٹس کو تبدیل کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں متبادل توانائی کوفروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔عالمی بینک کی ٹیم نے حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈاکو سراہا اورکوویڈ 19 سے نمٹنے کیلئے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے ذریعہ پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔








