وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کی حکومت اور عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد دی ہے
وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر ، حکومت اور عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کی حکومت اور عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد دی ہے ۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘ پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب اردوان، حکومتِ ترکیہ اور برادر عوامِ جمہوریہ ترکیہ کو یومِ فتح کی خوشیوں کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 اگست اُس تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے جو غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل کی گئی اور جس نے جدید ترک جمہوریہ کی بنیادیں استوار کیں، پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر جرات اور قومی عزم کی اس عظیم اور قابلِ فخر میراث کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات دلوں کے رشتے ہیں، جو مشترکہ ایمان، تاریخ اور صدیوں پر محیط جدوجہد سے مضبوط ہوئے ہیں۔ آج ہمارے دونوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے ذریعے پائیدار برادرانہ تعلقات کے اس سٹریٹجک اظہار کی تجدید کی ہے، جو ہمارے دونوں ممالک کو برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے مشترکہ مقصد میں یکجا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی کے لیے ترکیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے عزم پر ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دائمی دوستی اور بھائی چارے کے رشتے آنے والی نسلوں تک اسی طرح پھلتے پھولتے رہیں







