پشین۔24اکتوبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح پشین میں بھی پولیو کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے مقامی ریسٹ ہاوس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیو کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار کی صدارت ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے کی جبکہ رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین مہمان خصوصی تھے۔ …
پشین میں بھی پولیو کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا

مزید خبریں
پشین۔24اکتوبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح پشین میں بھی پولیو کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے مقامی ریسٹ ہاوس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیو کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار کی صدارت ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے کی جبکہ رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار سے ڈائریکٹر زراعت فضل الرحمان، ڈسٹرکٹ کمیونیکئشن آفیسر سید کلیم اللہ، ڈاکٹر عزت اللہ مندوخیل، اصغرخان اور بخت جمال نے بھی خطاب کیا۔جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حرمزئی محمد فیصل یوسفزئی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ثناواللہ سمیت علاقے کے معتبرین، مختلف میڈیکل آفیسران اور محکمہ صحت سے وابستہ فیلڈ اسٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین نے کہا کہ رواں سال ملک بھر پولیو کے متعدد کیسز سامنے آنے پر ہمارے بچوں کی صحت سخت خطرے سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ضلع پشین کے 6 کیسیز سمیت ملک بھر میں پولیوکیسزکی مجموعی تعداد 79 ہوگئی ہیں، جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ پولیو کے عالمی دن کے موقع پر ایک مرتبہ پھر اس عزم کو دہرایا جاتا ہے کہ پاکستان پولیو تدارک پروگرام کے تحت کسی بھی ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں کی فراہمی سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور نہ ہی اس موذی وائرس کو ملک کے دیگر علاقوں میں پھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر صحت محافظ، جو تمام موسمی اور ماحولیاتی مشکلات کے باوجود پاکستان کے تمام صوبوں کے کونے کونے میں بسنے والے بچوں تک بڑی کامیابی سے نہ صرف رسائی حاصل کر رہے ہیں بلکہ انکو پولیو کے حفاظتی قطروں کی فراہمی کو یقینی بناکر انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ان صحت محافظ کارکنان کی ان تھک محنت اور کوششوں سے پاکستان کو جلد پولیو کے موذی وائرس سے مکمل محفوظ بنا دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے پولیو تدارک کے اس عظیم مقصد میں پولیو ورکرز کی ناقابل فراموش پرعزم جدوجہد ہمارے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ آپکے صبر، ہمت اور جراتمندانہ خدمات کے بغیر ہم کامیابیوں کی ان بلندیوں کو نہیں چھو سکتے تھے جہاں آج ہم کھڑے ہیں۔ پولیو کا عالمی دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہمیں نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے تمام بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم پولیو وائرس کی منتقلی کی روک تھام کے مقصد کو حاصل کر لیتے ہیں، تو ہمیں اس مقصد کے دیرپا استحکام کے لیے ان تمام معیاری اقدامات میں اضافہ کرنا ہو گا جو ہم کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہماری ایک چھوٹی سی کوشش بھی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عالمی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ہی اس مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جاسکتا ہے۔








