پاکستان اور پاکستانیت کی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے، شہریار آفریدی

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانیت کی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے، ہندوستان میں لوگوں کو مذہب کے مطابق زندگیاں گزارنے کی اجازت ہی نہیں ہے ، ہندوستان کی بربادی کےلئے خود مودی ہی کافی ہے، گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں کے مطابق دیا جارہا ہے، آج ففتھ جنریشن وار فیئر …

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانیت کی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے، ہندوستان میں لوگوں کو مذہب کے مطابق زندگیاں گزارنے کی اجازت ہی نہیں ہے ، ہندوستان کی بربادی کےلئے خود مودی ہی کافی ہے، گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں کے مطابق دیا جارہا ہے، آج ففتھ جنریشن وار فیئر کا دور ہے، یوتھ کو اسکا پورا ادراک ہونا چاہئے، دشمن کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ آزاد کشمیر کے موقع پر ”پاکستانیت“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ آج ہم دنیا کا کشمیر پر بیانیہ بدلتا ہوا دیکھ رہے ہیں، قائداعظم نے کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ اس لئے کیا کہ وہ ہندوتوا ایجنڈے کو بھانپ گئے تھے، قائداعظم نے دو قومی نظریہ سے عوام کو ہندوتوا ایجنڈاسمجھانے کی کوشش کی، بچے قربان ہوئے، ماؤں کی عزتیں لٹیں، پاکستان کو بننے سے ہر طرح سے روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ بھارت آج کلمے کا دشمن بنا ہے یہ ہمیشہ سے ایسا ہی تھا، ہندوستان کے مسلمان آج یک آواز ہیں کہ قائد صحیح کہتے تھے، مودی مسلمانوں سے کہتا ہے کہ گھر واپسی پروگرام کے تحت ہندو بن جائویا پھر ہندوستان چھوڑ دو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانیت کی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے، ہندوستان میں لوگوں کو مذہب کے مطابق زندگیاں گزارنے کی اجازت ہی نہیں، ہندوستان کی بربادی کےلئے خود مودی ہی کافی ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ آج ففتھ جنریشن وار فیئر کا دور ہے، یوتھ کو اسکا پورا ادراک ہونا چاہئے، دشمن کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ قومیں ایسے مواقع گنواتی نہیں ہیں، جو اپنی بنیاد سے جڑا نہ رہ سکا وہ دشمن کیلئے آسان ترین ٹارگٹ بن گیا، ہماری کوششیں کشمیریوں کو خوش کرنے کےلئے ہرگز نہیں ہیں، کشمیر ایک حقیقت ہے، ہم اسے بھارتی قبضے سے آزاد کروا کر رہیں گے، جب آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کیا گیا تب ہی بھارت نے اپنے پاؤں پر کلہاڑا مار لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا اس بات پر متفق ہے کہ بھارت دنیا میں انسانیت کےلئے ایک دھبہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوان فوجی کیوں اپنی جان قربان کرتا پھر رہا ہے۔ ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اور مظلوم کے سر پر ہاتھ رکھنا ہمارا عقیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں کے مطابق دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ماں سے کوئی پوچھے کے وہ اپنے بیٹے کو پاکستانی پرچم میں کیوں لپیٹتی ہے، پاکستان پر کبھی سمجھوتہ نہ ہوگا۔