حسن ابدال۔6نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جسے باہر سے قرضے نہ مانگنا پڑیں، معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ایم ایل ون کی صورت میں پاکستان میں پہلی دفعہ چین بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے، پاکستان سیاحت کے حوالے سے بڑا مرکز بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو حسن ابدال میں ریلوے سٹیشن …
پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جسے باہر سے قرضے نہ مانگنا پڑیں، ایم ایل ون کی صورت میں پاکستان میں پہلی دفعہ چین بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے،وزیر اعظم
حسن ابدال۔6نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جسے باہر سے قرضے نہ مانگنا پڑیں، معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ایم ایل ون کی صورت میں پاکستان میں پہلی دفعہ چین بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے، پاکستان سیاحت کے حوالے سے بڑا مرکز بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو حسن ابدال میں ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں ریلوے کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ ریل کے ذریعے عام آدمی سستا اور آرام دہ سفر کرتا ہے۔ ساری دنیا میں ریل سفر کا بہترین ذریعہ ہے۔ وزیر اعظم نے اس امر پر افسوس کااظہار کیا کہ انگریز کے دیئے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی گئی۔ اس کو توسیع دینے کی بجائے اس میں 50 کلومیٹر کی کمی ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے اور چین نے اپنے ملک میں دنیا کا تیزترین ریلو ے کا نظام بچھایا ہے۔ چین کی مدد سے ملک میں پہلی بار بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ ایم ایل ون 9 ارب ڈالرکا منصوبہ ہے۔ چین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اس منصوبے کو 6 ارب ڈالر تک لے آئے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبے سے کراچی سے لاہور کا سفر صرف 7 گھنٹے کا ہو جائے گا۔ منصوبے کے تحت ٹریک پر انڈر اور اوور پاسز بنیں گے۔ گیٹ لگیں گے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے ملکی معیشت کو بھی فائدہ اور کاروبار آسان ہو گا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی سے قرضے نہ مانگنا پڑیں کیونکہ موجودہ حکومت کو ایک ایسا ملک ورثے میں ملا جو قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں پاکستان ریلوے اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومتی اقدامات سے معیشت نے ترقی کرنا شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ سکھوں کے انتہائی مقدس مقامات پاکستان میں ہیں۔ ہم نے کوشش کی کہ سکھ یاتریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور پاکستان ایک ایسا ملک بنے جہاں باہر سے لوگ آئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ویزہ سسٹم کو بہتر بنانے اور سیاحت کی ترقی کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ صرف سیاحت کو ترقی دے کر ملک کو اس قابل بنایا جاسکتا ہے کہ قرضے نہ مانگا پڑیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسن ابدال ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن میں مقامی وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے۔ ننکانہ صاحب ریلوے سٹیشن منصوبہ بھی رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حسن ابدل ریلوے سٹیشن پر سکھ یاتریوں کے لئے مہمان خانے بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ مین لائن ون منصوبہ ریلوے کی ترقی کے لئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے میں 90 فیصد فنڈز چینی حکومت فراہم کر ے گی جبکہ منصوبے پر کام کرنے والے 90 فیصد مزدور پاکستان کے ہوں گے۔ اس ماہ منصوبے کا ٹینڈر ہو جائے گا۔ ریلوے مزدور کے ٹیکنیکل الائونس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ریلوے کا بزنس بہت متاثر ہوا۔ صنعتوں کے لئے بجلی کے نرخوں میں رعایت حکومت کا اہم کارنامہ ہے ۔ عمران خان کی قیادت میں معیشت سمیت تمام چیلنجز پر قابو پا لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کو معاشی مسائل سے نکالا ۔ مہنگائی اور بیروزگاری کا بھی خاتمہ کریں گے۔ ایم ایل ون منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ نوکریاں ملیں گی۔ وزیر اعظم ڈاکوئوں ، لٹیروں اور چوروں سے چومکھی لڑ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے منی لانڈرنگ نہیں کی۔ ملک سے باہر کارخانے نہیں لگائے۔ جائیدادیں اور اثاثے نہیں بنائے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کوعزت دی ہے۔ وہ ملک کو مہنگائی اور بیرزگاری سے نجات دلائیں گے








