تحریک انصاف گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرے گی، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا سکردو میں جلسہ سے خطاب

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر گلگت بلتستان و امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بہادر اور غیور عوام جھانسے میں نہ آئیں، سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا لیکن تحریک انصاف نے جو پہلے وعدے یہاں کے عوام سے کئے وہ پورے بھی کئے اور اب جو وعدے کئے جا رہے ہیں ان پر کام …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر گلگت بلتستان و امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بہادر اور غیور عوام جھانسے میں نہ آئیں، سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا لیکن تحریک انصاف نے جو پہلے وعدے یہاں کے عوام سے کئے وہ پورے بھی کئے اور اب جو وعدے کئے جا رہے ہیں ان پر کام جاری ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا جائے گا، جو حق پیپلز پارٹی اور ن لیگ نہیں دے سکیں وہ حق آپ کو پاکستان تحریک انصاف نے دیا ہے۔ وہ بدھ کے روز سکردو میں انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید ذوالفقار عباسی نے بھی خطاب کیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں، میں نے آپ لوگوں سے کہا تھا کہ عمران خان سچے انسان ہیں۔ عمران خان نے گلگت بلتستان کے عوام کے لئے صوبہ بنانے کا اعلان کیا تو انشاءاﷲ پی ٹی آئی اپنا یہ وعدہ پورا کرے گی۔ یہ ایسا صوبہ ہوگا جس کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72 سال سے یہ علاقہ بنیادی سہولیات ے محروم ہے، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے بھی یہاں حکومتیں کیں لیکن انہوں نے گلگت بلتستان کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہسپتال بنانے کا وعدہ کیا گیا جس پر کام شروع ہو چکا ہے۔ بجلی کا مسئلہ حل ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اور ووٹ قوم کی امانت ہے، آپ کا پاس اس بات کا تعین کرنے کے لئے وقت ہے کہ آپ کی محرومیوں کا ذمہ دار کون ہے۔ آپ اس بات کا تعین کرتے ہوئے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بہادر ہیں، میں یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لئے گندم کا کوٹہ بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ گلگت بلتستان کی آبادی زیادہ ہے، میں یہاں کے لئے ایک اور حلقہ کے قیام کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی سہولیات بھی مہیاءکی جائیں گی۔