مریم نواز کی تقاریر سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ شکست خوردہ ہیں، ان کی کیا اہلیت ہے کہ وہ دھاندلی کا شور کر رہی ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین عوام کو دکھانے کیلئے ملاقاتیں کر رہے ہیں، اندر سے یہ لوگ ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، اپوزیشن کے بدعنوان قائدین کو پتا چل گیا ہے …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین عوام کو دکھانے کیلئے ملاقاتیں کر رہے ہیں، اندر سے یہ لوگ ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، اپوزیشن کے بدعنوان قائدین کو پتا چل گیا ہے کہ ان کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے اسلیے یہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے ناٹک کھیل رہے ہیں، مریم نواز کی تقاریر سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ شکست خوردہ ہیں، ان پر بدعنوانی مقدمات ہیں ان کی کیا اہلیت ہے کہ وہ گلگت بلتستان انتخابات کے بارے دھاندلی کا شور کر رہی ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی اس معاشرے کو تنزلی سے کوئی نہیں روک سکتا، حکمران جب عدالتوں کے سامنے جوابدہ نہیں ہوں گے تو معاشرہ بگڑے گا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ شبلی فراز نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اشرافیہ اور غریبوں کیلئے الگ الگ قانون ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں غصہ بڑھ رہا ہے، نواز شریف خود کو قانون سے مبّرا سمجھتے ہیں، عدالتیں جب بدعنوانی سے متعلق ان سے سوالات پوچھتی ہیں تو وہ جواب دینے کی بجائے قومی اداروں کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں، نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر جس طرح کے بیانات دے رہے ہیں اس سے معاشرے میں کیا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے ادوار میں ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، اپوزیشن کے بدعنوان قائدین کو پتا چل گیا ہے کہ ان کے گرد قانون کا دائرہ تنگ ہوتا جا رہا ہے اسلئے اپنے آپ کو بچانے کیلئے ناٹک کھیل رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے اسلئے انہیں ہر پندرہ روز بعد نئے میثاق کی ضرورت پڑتی ہے، بلاول بھٹو اور نواز شریف کا الگ الگ بیانیہ ہے، یہ لوگ زیادہ دیر تک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے، سرے محل اور سوئس اکاﺅنٹس میں 60 ملین ڈالر آصف علی زرداری کے نام ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان دیانت دار لیڈر ہیں اسلئے عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا وطیرہ ہے جب یہ انتخابات ہار جائیں تو کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی، عدالتوں میں ان کے حق میں فیصلہ آئے تو ججز کی تعریف کرتے ہیں اور جب ان کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو یہ اداروں کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں، اپوزیشن 2018ءانتخابات میں دھاندلی کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن اس نے الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع نہیں کیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز کو گلگت بلتستان سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، وہ پراپرٹی بینفیشل آنر ہیں، وہ جانتی ہیں کہ ان کی مشکلات بڑھ رہی ہیں اسلئے وہ پریشانی کا شکار ہیں، ان کی تقاریر سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ شکست خوردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، ان کے خلاف چار سلطانی گواہ ہیں، امید ہے کہ ان کا کیس جلد منطقی انجام تک پہنچے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیری مزاری نے متنازع بیان ٹویٹ کرنے پر امریکی سفارتخانے کو سخت جواب دیا اور تشویش سے آگاہ کیا جس کے بعد انہوں نے معذرت کر لی ہے۔