وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس، کور کمانڈر لاہور کی شرکت

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت جمعرات کے روز وزیراعلیٰ آفس میں ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویڑن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون …

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت جمعرات کے روز وزیراعلیٰ آفس میں ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویڑن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیرایجوکیشن، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری اطلاعات، طبی ماہرین، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر کا پھیلاو ¿ روکنے کے لئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے کورونا کے مریضوں کی تعداد اور شرح اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا اور صوبے کی سیاسی و عسکری قیادت نے کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا اور کورونا پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں کورونا کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کرپیشگی ضروری پلاننگ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ماسک کی پابندی پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں عوام کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ موسم سرما سے قبل تمام ضروری انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں بیرون ملک خصوصاً بھارت سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھنے اور صوبے میں سیاسی، سماجی، ثقافتی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ اسی طرح کھلے مقامات پر شادی بیاہ کیلئے مہمانوں کی تعداد محدود کرنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت کرنے اور پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب کے بعض ہسپتالوں کو کورونا کیلئے مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈ لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کورونا ایک قومی چیلنج ہے،سول حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشترکہ مربوط کاوشوں کے ساتھ کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ اجلاس میں طبی ماہرین نے وبا کا پھیلاو ¿ روکنے کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔