خیبر پختونخوا کے محکمہ امورِ نوجوانان اور یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ تاریخ کے اشتراک سے باڑہ گلی سمر کیمپس میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ چار روزہ”رائٹ ٹو ارن“ پرفیشنل ٹریننگ پروگرام اختتام پذیر ہوگیا
ایبٹ آباد،باڑہ گلی سمر کیمپ میں چار روزہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرام اختتام پذیر

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 27 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے محکمہ امورِ نوجوانان اور یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ تاریخ کے اشتراک سے باڑہ گلی سمر کیمپس میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ چار روزہ”رائٹ ٹو ارن“ پرفیشنل ٹریننگ پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔ 24 سے 27 اگست تک جاری رہنے والے اس تربیتی پروگرام میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول ضم اضلاع سے 60 نوجوانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو پروپوزل رائٹنگ، تحقیقی تحریر اور آن لائن فری لانسنگ سمیت ایسی عملی اور مارکیٹ بیسڈ مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا، جو انہیں روزگار کے حصول، انٹرپینورشپ اور ڈیجیٹل اکانومی میں کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنا سکیں۔تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو معروف ٹرینرز نے پروپوزل رائٹنگ میں منصوبوں کی مؤثر تشکیل، فنڈنگ کے لیے درخواستیں تیار کرنے اور پراجیکٹ ڈیزائن جبکہ ریسرچ رائٹنگ میں تحقیقی طریقہ کار، اکیڈمک تحریر اور حوالہ جات کے درست استعمال کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔اسی طرح فری لانسنگ سکلز کے تحت آن لائن پروفائل بنانے، کلائنٹس سے مؤثر رابطے، کام کے حصول اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے آمدن کے مواقعوں سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔
یہ تربیتی سیشنز معروف ٹرینرز ڈاکٹر اسفندیار درانی اور یاسر سرمد نے منعقد کیے۔ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شعبہ تاریخ، یونیورسٹی آف پشاور ڈاکٹر الطاف قادر نے کہا کہ تحقیق اور تحریر علم اور ترقی کی بنیاد ہیں، نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فارمز فراہم کرنے کی ضرورت ہے جہاں وہ اپنے خیالات کو مؤثر تجاویز اور اپنی صلاحیتوں کو پائیدار پیشہ ورانہ مواقعوں میں تبدیل کر سکیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ رائیٹ ٹو ارن“ جیسے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے انہیں تحریر، تحقیق اور آن لائن آمدن کی عملی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ خود انحصاری کی جانب بڑھیں اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔محکمہ امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا اور شعبہ تاریخ، یونیورسٹی آف پشاور کے حکام نے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ اور فنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر پروفیشنل ٹریننگ پروگرام کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔








