اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف دہشتگردوں کی مالی معاونت کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے لایا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے منصوبے بھارت میں بنتے ہیں لیکن اب پاکستان میں دہشتگردی نہیں چلے گی، بھارتی رویہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے رہیں گے اور اس کیلئے جہاں جانا پڑا جائیں …
پاکستان میں دہشتگردی اب نہیں چلے گی،بھارتی رویہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے رہیں گے،مشیرقومی سلامتی امورڈاکٹر معید یوسف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف دہشتگردوں کی مالی معاونت کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے لایا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے منصوبے بھارت میں بنتے ہیں لیکن اب پاکستان میں دہشتگردی نہیں چلے گی، بھارتی رویہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے رہیں گے اور اس کیلئے جہاں جانا پڑا جائیں گے، ثبوت دینے پڑے تو وہ بھی دیں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے اسلئے پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا ہے، بھارت دنیا کے سامنے سیکولر جمہوریت کا دعویدار ہے اور دنیا کی ڈارلنگ بنا گھومتا ہے، بھارت کا اصل چہرہ یہ ہے کہ اس کے وزیراعظم سے لیکر نیچے تک منصوبے بنائے جاتے ہیں کہ کس طرح پاکستان کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جائے، بھارت کی حقیقت دنیا کے سامنے لائے ہیں اور ہمیں اس مسئلے پر دنیا کی توجہ دلانا ہو گی، ہم ہر اس فورم پر جائیں گے جہاں پاکستان کے موقف کو پذیرائی ملے گی۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کوئی چھوٹا ملک نہیں اس کی اپنی اہمیت ہے، پاکستان بھی امریکہ کیلئے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ بھارت، ہمیں نفسیاتی طور پر مضبوط ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک پیج پر ہیں، سی پیک پاکستان اور چین کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، بھارت پاکستان اور چین کے منصوبے خراب کرنے کیلئے پیسے لگا رہا ہے لیکن بھارت کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ مشیر قومی سلامتی امور نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن عمل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کرتا رہے گا، امریکہ سمیت دیگر ممالک کو انٹرا افغان ڈائیلاگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں جو واضح کرتی ہیں کہ دیرینہ مسئلے کا حل صرف رائے شماری ہی ہے، بھارت کا فیصلہ اس کے گلے پڑ گیا ہے، بھارتی سرکار کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق فیصلہ واپس لینا پڑے گا۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جتنا جلدی یہ مسئلہ حل ہو جائے، یہ نہ صرف کشمیریوں اور پاکستان بلکہ خطے کیلئے بہتر ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کے حوالے سے کوئی علم نہیں ہے۔







