گلگت بلتستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے، پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے جہاں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، مولانا فضل الرحمن الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں، نواز شریف نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست ختم کر لی ہے، (آج) جمعرات کو کراچی میں سرکلر ریلوے سروس کا باقاعدہ آغاز ہو …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے جہاں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، مولانا فضل الرحمن الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں، نواز شریف نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست ختم کر لی ہے، (آج) جمعرات کو کراچی میں سرکلر ریلوے سروس کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالا ہے، جہاں 23 کی 23 سیٹوں میں جتنے ووٹ پول ہوئے، ڈبوں سے اتنے ہی ووٹ نکلے، جمہوریت کو فتح ہوئی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور نواز لیگ میں اتنی سمجھ بوجھ ہوتی تو الیکشن سے پہلے اتحاد کر لیتے، الیکشن بالکل مختلف ہو جاتے، یہ اب اگلے سال آزادکشمیر کے الیکشن کی تیاری کریں، پی ٹی آئی بھی اس کی تیاری کر رہی ہے، اپوزیشن اگلے سال آزادکشمیر میں رونا روئے گی کہ تحریک انصاف کی حکومت بن گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے شہریوں کے لئے تیز رفتار سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے کہا کہ جدید اربن ٹرانسپورٹ الیکٹرک ہو گی، اس میں باڑ لگی ہوئی ہو گی جو 80 کلومیٹر کی رفتار سے چلے گی، ابھی اس کی آزمائش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کل کراچی میں سرکلر ریلوے چلانے جا رہے ہیں جو پپری سے سٹی ریلوے تک چلے گی تاکہ یہ دیکھ لیں کہ لوگوں کا اس پر کیا رسپانس ہے۔ ریلوے کی ترقی سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے 8 مہینوں میں 43 کلومیٹر کا ٹریک بنایا ہے، 14 کلومیٹر نیا ٹریک بحال کیا ہے جس پر ریلوے نے اپنے طور پر کام کیا ہے جس پر ریلوے کے تمام مزدور اور افسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست ختم کر لی ہے، یہ لوگ پاکستان کے مخالفین کی مدد کر رہے ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمٰن سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کوئی الزام لگانے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں، شبر زیدی سے متعلق ان کے الزامات انتہائی بھونڈے، غیر ذمہ دارانہ، غیرشائستہ اور غیراخلاقی ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے اپنی سیاسی زندگی میں اتنا شفاف الیکشن ہوتے ہوئے نہیں دیکھا جو گلگت بلتستان میں ہوا ہے، میں یہ اس لیے نہیں کہہ رہا کہ میں عمران خان کا وزیر ہوں بلکہ میں نے عوام کا گلگت بلتستان میں بڑا پن دیکھا ہے کہ ایک جلسے سے دوسرے جلسے میں جاتے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مخالف پارٹیوں کے جلسوں میں لوگوں نے شرکت کی اور سیاسی شعور کا مظاہرہ کیا۔