عرب امارات نے ویزے وقتی طور پر بند کیے ہیں، افواہیں پھیلانے سے پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے تعلقات غیر مستحکم نہیں ہو سکتے،حافظ طاہر محمود اشرفی

67
کورونا ویکسین کے حوالے سے بے بنیاد افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے، اسلامی شریعت کے تحت کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانا جائز ہے، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی امور حافظ طاہر اشرفی
کورونا ویکسین کے حوالے سے بے بنیاد افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے، اسلامی شریعت کے تحت کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانا جائز ہے، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی امور حافظ طاہر اشرفی

لاہور۔20نومبر (اے پی پی ):عرب امارات نے ویزے وقتی طور پر بند کیے ہیں۔ افواہیں پھیلانے سے پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے تعلقات غیر مستحکم نہیں ہو سکتے ، کورونا ایک وبا ہے جس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا توکل علی اللہ کے خلاف نہیں ہے۔ شریعت اسلامیہ ہمیں توکل کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کا حکم دیتی ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماءکونسل و معاون خصوصی بین المذاہب ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گرینڈ جامعہ مسجد بحریہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عشق مصطفیٰ کا تقاضہ ہے کہ ہم پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھیں ، بچوں کو تعلیم دیں ، بہنوں بیٹیوں کو وراثت میں حق دیں ، ذخیرہ اندوزی ، ملاوٹ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سچا عاشق وہی ہوتا ہے جو محبوب کے کہے پر عمل کرتا ہے۔ رسول اکرم نے ہمیں سچ بولنے ، غیبتوں سے بچنے اور حقوق العباد پورا کرنے کا حکم دیا ہے۔ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی بھی لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وباءایک حقیقت ہے جس کا علاج اللہ پر توکل اور احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا ہے۔ شریعت اسلامیہ ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے علماء و مشائخ ، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ کرونا کی وبا سے احتیاط کیلئے وہ بھی اپنا کردار ادا کریں۔ اجتماع کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے گذشتہ دس سالوں سے زیادہ بہتر ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں سے پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوئی ہیں۔ پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے تعلقات میں خرابی کیلئے افواہیں پھیلائی جاتی ہیں لیکن اس سے پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے تعلقات میں عدم استحکام پیدا نہیں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات برادرانہ ہیں۔ کرونا کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے ویزہ کے حوالہ سے پابندیاں لگائی ہیں جو مستقل نہیں ہیں اور ان شاء اللہ کرونا کی صورتحال کے ساتھ ہی بہتر ہو جائیں گی۔